جنید خان ان فٹ، بلاول بھٹی ٹیم میں شامل

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام, کراچی
پاکستان کے فاسٹ بولر جنید خان ان فٹ ہونے کے سبب قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے فی الحال انھیں عالمی کپ کے سکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ چند دنوں میں ان کی فٹنس دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں یا نہیں۔
جنید خان کے ان فٹ ہونے کے سبب بلاول بھٹی کو نیوزی لینڈ کے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جنید خان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ پاکستانی ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے چند گھنٹے پہلے کیا گیا۔
ٹیم منگل کی رات نیوزی لینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا پہنچے گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں ہے۔
جنید خان خاصے عرصے سے فٹنس مسائل کا شکار رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
وہ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے لیکن دائیں گھٹنے کی تکلیف کے سبب وہ وطن واپس آنے پر مجبور ہوگئے جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بھی نہ کھیل سکے۔
وہ آخری بار گذشتہ سال سری لنکا کے دورے میں کھیلے تھے اور کولمبو ٹیسٹ میں انھوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔اسی دورے میں وہ دو ون ڈے بھی کھیلے تھے۔
چند روز قبل لاہور کے تربیتی کیمپ میں وہ گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے گر پڑے تھے اور انھیں ہیمسٹرنگ کی تکلیف ہوگئی تھی۔
23 سالہ بلاول بھٹی آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں انھوں نے 59 کی اوسط سے پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
وہ آخری ون ڈے گذشتہ سال ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف کھیلے تھے جس کے بعد انھوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
تاہم آسٹریلیا کے خلاف میچ میں انھوں نے دو اووروں میں 36 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں سے 30 رنز ایک ہی اوور میں بنے تھے۔



