اجمل پر کچھ نہیں کہہ سکتا، بہت سے اگر مگر ہیں: مصباح

مصباح الحق اپنی ٹیم کی صلاحیت پر پراعتماد ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق اپنی ٹیم کی صلاحیت پر پراعتماد ہیں

پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے اتوار کو کہا ہے کہ وہ اس بارے میں وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آیا سعید اجمل ورلڈ کپ میں کھیل سکیں گے یا نہیں۔

یاد رہے کہ سعید اجمل کے ایکشن کو پہلے مشتبہ قرار دیا گیا تھا پھر آئی سی سی نے ان کے ایکشن کو جائز قرار دیا ہے اور انھیں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

گذشتہ مہینے جب ٹیم کے لیے حتمی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا تو انھیں ٹیم میں آئی سی سی کی پابندی کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا تھا۔

37 سالہ سپنر پر پابندی کی وجہ سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ نیوزی لینڈ میں اپنے چاروں ون ڈے میچ ہار گئی جن میں دو وارم اپ اور دو ون انٹرنیشنل میچ شامل تھے۔ اس سے قبل وہ تین ون ڈے سیریز میں بھی ناکام رہی تھی۔

اب جبکہ آئی سی سی نے اجمل کے ایکشن کو درست قرار دیا ہے تو ان کے ورلڈ کپ میں شامل ہونے کے بارے میں باتیں ہونے لگی ہیں۔

پریس کانفرنس میں اسی سلسلے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کپتان مصباح الحق نے کہا ’کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہاں بہت سے اگر مگر ہیں۔ اصل مشکل یہ ہے کہ انھوں نے ابھی کسی قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔‘

سعید اجمل کے ایکشن کو پہلے مشتبہ قرار دیا گیا تھا پھر آئی سی سی نے ان کے ایکشن کو جائز قرار دیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسعید اجمل کے ایکشن کو پہلے مشتبہ قرار دیا گیا تھا پھر آئی سی سی نے ان کے ایکشن کو جائز قرار دیا ہے

انھوں نے مزید کہا کہ ’ٹیم کا اعلان پہلے ہی ہو چکا ہے۔ دیکھتے ہیں اگلے ہفتے کیا ہوتا ہے۔ میں ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔‘

اس سے قبل دسمبر میں اجمل نے کینیا کے خلاف دو میچوں میں حصہ لیا تھا۔

مصباح نے کہا کہ اجمل خود ہی اس پس و پیش میں ہوں گے کیا آیا وہ کھیلنے کے لیے تیار بھی ہیں یا نہیں۔

مصباح نے کہا ’میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ بھی اپنے کھیلنے کے بارے میں پراعتماد نہیں ہوں گے کیونکہ اتنے بڑے موقعے کے لیے پہلے سے تیاری ضروری ہے۔‘

دوسری جانب محمد حفیظ کے ورلڈ کپ سے باہر ہوجانے سے پاکستانی بولنگ اور بیٹنگ دونوں کوصدمہ پہنچا ہے۔

گذشتہ دنوں پاکستان کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ نیوزی لینڈ میں چار ونڈے میچ ہار گئی ہے

،تصویر کا ذریعہOther

،تصویر کا کیپشنگذشتہ دنوں پاکستان کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ نیوزی لینڈ میں چار ونڈے میچ ہار گئی ہے

مصباح نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کی خراب کارکردگی تشویش کا باعث ہے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ ’ہر چند کہ ون ڈے میں ہماری ٹیم کا اچھا دور نہیں گزر رہا ہے لیکن میرے خیال میں یہ ٹیم اسے بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں اس ٹیم کے بارے میں پرجوش ہوں۔ یہ ایک نوجوان ٹیم ہے جس میں چند تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور یہ کسی بھی مرحلے پر سب کر حیران کر سکتی ہے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن بھارت سے ایڈیلیڈ میں 15 فروری کو ہونے والا ہے۔