’ہار یا جیت کے لیے نہیں، بہترین کرکٹ کے لیے سوچنا ہے‘

بھارت سے نہ جیتنے کی ریت توڑنے کی کوشش کریں گے: پاکستانی کپتان مصباح الحق

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبھارت سے نہ جیتنے کی ریت توڑنے کی کوشش کریں گے: پاکستانی کپتان مصباح الحق

پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جیت یا ہار کے بارے میں نہیں سوچنا، صرف بہترین کرکٹ کے لیے سوچنا ہے۔

عالمی کپ کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل لاہور کے ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ’ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے لیکن بھارت کے خلاف کبھی نہ جیتنے کی ریت کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں ورلڈ کپ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

اس موقعے پر ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا تھا کہ ٹیم پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سفر میں پہلا پڑاؤ نیوزی لینڈ میں ڈالے گی جہاں اسے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے ہیں جس کے بعد وہ آسٹریلیا پہنچے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ 31 جنوری کو ویلنگٹن میں جبکہ دوسرا تین فروری کو نیپیئر میں کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل سڈنی میں دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

پہلا میچ نو فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف اور دوسرا میچ 11 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم عالمی کپ کا آغاز 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ سے کرے گی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کر رہے ہیں جنھوں نے عالمی کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسی طرح آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی یہ اعلان کر رکھا ہے کہ وہ عالمی کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلیں گے۔

عالمی کپ میں حصہ لینے والی ٹیم میں صرف پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جنھیں اس سے قبل بھی آسٹریلیا میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا تجربہ ہے۔

ان کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، یونس خان، شاہد آفریدی، سرفراز احمد اور عمراکمل شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کپتان مصباح الحق آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں تاہم انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلے ہیں۔

مصباح الحق کے علاوہ احمد شہزاد، صہیب مقصود، حارث سہیل، محمد عرفان، جنید خان، یاسر شاہ، احسان عادل، وہاب ریاض اور سہیل خان پہلی بار آسٹریلیا میں ون ڈے کھیلیں گے۔

اس ٹیم کے سات کھلاڑی اس سے قبل نیوزی لینڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے دوران تین میچ آسٹریلیا اور تین ہی نیوزی لینڈ میں کھیلے گی۔