ورلڈ کپ سکواڈ: انجرڈ محمد حفیظ آؤٹ، ناصر جمشید اِن

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ انجری کے باعث سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی جگہ ناصر جمشید کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق محمد حفیظ کو ڈاکٹروں نے تین ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
34 سالہ محمد حفیظ نے انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ نہیں کھیلا تھا۔
ٹیم مینیجمنٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو محمد حفیظ کی انجری سے آگاہ کیا۔
ناصر جمشید نے 45 ایک روزہ میچز کھیلے ہوئے ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں انھوں نے تین سنچریاں سکور کی ہیں اور تینوں سنچریاں بھارت کے خلاف سکور کی ہیں۔
ایک روزہ میچوں میں ناصر جمشید کی اوسط 33.64 ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے فاسٹ بولر جنید خان ان فٹ ہونے کے سبب کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر رہے اور ان کی جگہ صرف ایک انٹرنیشنل ون ڈے کھیلنے والے بولر راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ جنید خان پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لیا گیا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر سکے۔
جنید کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ دورۂ نیوزی لینڈ سے قبل تربیتی کیمپ کے دوران ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ سعید اجمل نے بھارتی شہر چنئی میں ہونے والا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کلیئر کر لیا ہے۔



