ورلڈ کپ کے ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی آخری بار 23 سال پہلے 1992 میں کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہPA Wire

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی آخری بار 23 سال پہلے 1992 میں کی تھی۔

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے یعنی ورلڈ کپ کے آغاز میں چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور آغاز کا دن قریب آنے کے ساتھ ساتھ میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت میں بھی تیزی آئی ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز 14 فروری سے ہو رہا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اس 14ویں ورلڈ کپ کے لیے اب تک ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ اس بار ٹورنامنٹ کے میچ دیکھنے کے لیے دس لاکھ سے زیادہ پرستار میدانوں میں آئیں گے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے تئیں لوگوں کا جوش دیکھتے ہوئے اسے اب تک کا سب سے زیادہ دلچسپ ٹورنامنٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔

آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں بڑی ٹیموں کے میچوں کے ٹکٹ اب بھی کافی تعداد میں موجود ہیں اس لیے کرکٹ کے پرستاروں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہGetty

تنظیم کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ ’آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اب تک کا سب دلچسپ مقابلہ بننے جا رہا ہے۔ میں آپ سب سے گزارش کروں گا کہ آئیں اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔‘

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی آخری بار 23 سال پہلے 1992 میں کی تھی۔

یہ ٹورنامنٹ پاکستان نے جیتا تھا اور پاکستانی ٹیم اس سال ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جو کہ ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔

اس میچ کو شائقین کی دلچسپی کے اعتبار سے ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں دو دہائیوں کے بعد عالمی کپ کے انعقاد کی وجہ سے بھی اس بار کرکٹ دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔