میلبرن ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا

،تصویر کا ذریعہGetty
میلبرن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا کے 530 کے جواب میں بھارت اپنی پہلی اننگز میں ویراٹ کوہلی اور رہانے کی سنچریوں کی بدولت465 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
چوتھے دن کے اختتام پر آسٹریلیا کا سکور سات وکٹ پر 261 رنز تھا اور شان مارش اور رائن ہیرس کریز پر موجود تھے، جبکہ آسٹریلیا کی مجموعی برتری 326 رنز کی ہو چکی ہے۔
شان مارش عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنا کر ڈٹے ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ میچ کے پانچویں دن آسٹریلیا تھوڑی دیر کھیلنے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کر دے گا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بھارت نے آٹھ وکٹوں پر 462 رنز بنائے تھے لیکن اگلے روز اس کی باقی وکٹ جلد ہی گر گئیں اور آسٹریلیا کو 68 رنز کی اہم سبقت حاصل ہو گئی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89520" platform="highweb"/></link>
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے دوسری اننگز کا تیز آغاز کیا اور وہ 42 گیندوں پر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔

،تصویر کا ذریعہAP
شین واٹسن 17، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کپتان سمتھ 14 جبکہ اوپنر راجرز 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رام چندر ایشون کو دونوں اوپنروں کی وکٹ ملی۔
تیسرے دن کا کھیل ابتدا میں بھارت کے لیے اچھا نہیں رہا کیونکہ کل کے دونوں بیٹسمین مرلی وجے اور چیتیشور پجارا جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے نے ٹیم کو سنبھال لیا، اور دونوں کے درمیان 262 رنز کی شاندار شراکت ہوئی۔

،تصویر کا ذریعہAP
میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیوی کپتان سٹیون سمتھ کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیوی اننگز 530 رنز پر ختم ہو گئی تھی۔
اس طرح سمتھ پہلے آسٹریلوی کپتان بن گئے جنھوں نے کپتانی کے پہلے دونوں میچوں میں سنچری سکور کی ہو۔ سٹیون سمتھ کو مائیکل کلارک کے ان فٹ ہو جانے کے بعددوسرے ٹیسٹ میں کپتان مقرر کیاگیا تھا۔ انھیں کپتانی اس قدر راس آئی ہے کہ مسلسل شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔



