آسٹریلیا کی بھارت پر مسلسل دوسری فتح

،تصویر کا ذریعہGetty
برزبین میں بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے چار وکٹوں سے فتح حاصل کر کے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بھارت نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے لیے اوپنر کرس راجرز نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے تین جبکہ امیش یادو نے دو وکٹ لیے۔
<link type="page"><caption> میچ کا سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89518" platform="highweb"/></link>
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کو ابتدا میں ہی ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کی وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن اس کے بعد کرس روجرز اور کپتان سمتھ نے ٹیم کو سنبھالا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
روجرز 55 رنز بنا کر ایشانت شرما کی تیسری وکٹ بنے جبکہ سٹیون سمتھ 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل چوتھے دن بھارتی بلے بازوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
دوسری اننگز میں اوپنر شیکھر دھون نے سب سے زیادہ 81 رنز بنائے لیکن دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی بلے باز کھڑا نہ رہ سکا۔
کپتان دھونی اور روہت شرما صفر پر آوٹ ہوئے۔
شیکھر کے علاوہ چیتیشور پجارا اور امیش یادو نے بالترتیب 43 اور 30 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو برتری حاصل کرنے میں مدد دی۔

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے 61 رنز کے عوض چار وکٹ لیے جبکہ ہیزل وڈ، سٹارک اور لیون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 505 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کے لیے جہاں سٹیو سمتھ نے بطور کپتان اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنائی وہیں ٹیل اینڈرز میں مچل جانسن اور مچل سٹارک نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو برتری دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے اوپنر مرلی وجے کی سنچری اور مڈل آرڈر میں اجنکیا ریہانے کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو اب دو صفر کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔



