بھارت 408 پر آؤٹ، آسٹریلوی بلے بازوں کی تیز بیٹنگ

،تصویر کا ذریعہAFP
برزبین میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت کے 408 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں پر 221 رنز بنا لیے۔
جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر اس وقت کپتان سٹیون سمتھ اور مچل مارش موجود تھے اور میزبان ٹیم کو بھارت کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 187 رنز درکار ہیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89518" platform="highweb"/></link>
سٹیو سمتھ نے بطور کپتان اپنے پہلے ٹیسٹ میں نصف سنچری بنائی ہے اور آسٹریلوی بلے بازوں نے تیز اور جارحانہ انداز میں بلے بازی کی ہے۔
ان سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر کرس روجرز نے بھی دس چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی جبکہ وارنر اور واٹسن زیادہ دیر کریز پر تو نہیں رہے لیکن دونوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔
اس سے قبل دوسرے دن بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اوپنر مرلی وجے کی سنچری اور مڈل آرڈر میں اجنکیا ریہانے کی ذمہ دارانہ اننگز کے علاوہ دیگر بھارتی بلے باز بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
بھارت کی آخری پانچ وکٹیں مجموعی سکور میں 87 رنز کا اضافے کے بعد گریں۔
مرلی وجے نے 22 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ ریہانے 81 رنز بنانے کے بعد اننگز کے کامیاب ترین آسٹریلوی بولر ہیزول وڈ کا شکار بنے۔
اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے جوش ہیزل وڈ نے 68 رنز کے عوض پانچ بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ پہلے میچ کے ہیرو نیتھن لیئون نے تین وکٹیں لیں۔
اس ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
اس میچ میں بھارت کے مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ آسٹریلیا کے کپتان کلارک پیٹھ میں تکلیف کی وجہ سے اس میچ میں نہیں ہیں اور ان کی جگہ سٹیون سمتھ کپتانی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔



