ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا فاتح

نیتھن لوائن نے اس میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننیتھن لوائن نے اس میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں

ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

سنیچر کو میچ کے آخری دن 364 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 315 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89519" platform="highweb"/></link>

بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت ابتدائی دو سیشن میں ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت یہ میچ باآسانی جیت لے گا تاہم آخری سیشن میں آسٹریلوی سپنر نیتھن لوائن کی تباہ کن بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

لوائن نے سات بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی اور ان میں سے چھ وکٹیں انھوں نے چائے کے وقفے کے بعد حاصل کیں۔

انھیں دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کی دوسری اننگز کی خاص بات کپتان وراٹ کوہلی کی عمدہ بلے بازی تھی۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کوہلی نے اس اننگز میں بھی سنچری بنائی اور 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر لوائن کی گیند پر مچل مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ ان کی آٹھویں ٹیسٹ سنچری تھی اور وہ بطور کپتان ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر ہیں۔

دوسری اننگز میں بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسے 16 رنز پر ہی اپنے اوپنر شیکھر دھاون سے محروم ہونا پڑا۔

وراٹ کوہلی بطور کپتان اپنے پہلے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنوراٹ کوہلی بطور کپتان اپنے پہلے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں

بھارت کی دوسری وکٹ 57 کے سکور پر گری جب چیتیشور بچارا لوائن کی سپن بولنگ کا شکار ہوئے۔

اس موقع پر مرلی وجے نے کوہلی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 185 رنز کی شراکت قائم کی۔ وجے ایک رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 99 کے انفرادی سکور پر لوائن کا دوسرا شکار بنے۔

لوائن نے ہی اجنکیا ریہانے اور روہت شرما کو بھی کیچ کروایا جبکہ ساہا کو بولڈ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں کامیاب بولر نیتھن لوائن رہے ہیں جنھوں نے سات وکٹیں لیں جبکہ جانسن نے دو اور ہیرس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی اور یوں اسے بھارت پر 363 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے لگاتار دوسری سنچری بنائی۔ وہ 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 517 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

اس کے جواب میں بھارت کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 444 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

یہ ٹیسٹ میچ آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی ناگہانی موت کی وجہ سے پانچ دن کی تاخیر سے شروع ہوا اور اس میچ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی پہلی بار وراٹ کوہلی کو ملی تھی۔