ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیوڈ وارنر کی سنچری

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنا لیے ہیں۔
پہلے دن کے کھیل کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری تھی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89519" platform="highweb"/></link>
انھوں نے 19 چوکوں کی مدد سے145 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
منگل کو آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا۔
لیکن ابتدائی نقصان کے بعد ڈیوڈ وارنر اور کپتان کلارک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
جہاں وارنر نے سنچری بنائی وہیں کلارک نے نصف سنچری سکور کی۔ تاہم وہ 60 رنز بنانے کے بعد کمر میں تکلیف کی وجہ سے بلے بازی کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے۔
ان دونوں کے علاوہ سٹیون سمتھ نے 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو وہ کریز پر موجود تھے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ورون آرون نے دو، دو جبکہ ایشانت شرما اور کرن شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی مہندر سنگھ دھونی کے بجائے وراٹ کوہلی کر رہے ہیں کیونکہ دھونی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
بھارت کی جانب سے اس میچ میں کرن شرما کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔
یہ ٹیسٹ میچ آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی ناگہانی موت کی وجہ سے پانچ دن کی تاخیر سے شروع ہوا ہے۔
میچ شروع ہونے سے پہلے ایک بار پھر دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں اور ناظرین نے آنجہانی فل ہیوز کو خراج تحسین پیش کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے فل ہیوز کا نام اس ٹیسٹ میں ٹیم کے تیرہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے۔



