سچن تندولکر ورلڈ کپ 2015 کے سفیر مقرر

،تصویر کا ذریعہ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی سابق کرکٹر سچن تندولکر کو ورلڈ کپ 2015 کا سفیر مقرر کر دیا ہے۔
انھوں نے اپنے 24 سالہ کرئیر میں 200 ٹیسٹ میچ، 463 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا اور 34,357 رنز اور 100 سینچریاں بنائیں۔
ورلڈ کپ 2003 میں 673 رنز بنانے پر انھیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کے مطابق آئی سی سی نے تندولکر کے دوسری مرتبہ ایک بڑے ایونٹ کا سفیر بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سچن کا کہنا تھا: ’گذشتہ چھ ٹورنامنٹوں کے بعد اس بار کا ورلڈ کپ ایک مختلف تجربہ ہوگا کیونکہ اس بار میں اسے باہر سے دیکھوں گا۔‘
سفیر کی حیثیت سے سچن تندولکر کے فرائض میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے دوران آئی سی سی کے اقدامات اور اس ایونٹ کو فروغ دینا شامل ہو گا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اس وقت کھیلوں کی دنیا کا تیسرا بڑا ایونٹ ہے اور یہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 14 فروری سے منعقد ہو رہا ہے۔
تندولکر نے 2011 میں چھ کوششوں کے بعد بالآخر اپنی کامیابیوں کی طویل فہرست میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی شامل کر لیا۔
سچن تندولکر ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں انھوں نے اپنے کریئر کے 45 میچوں میں 2278 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہPA



