سچن تندولکر کے لیے بھارت رتن کا اعلان

بھارت کی حکومت نے سنیچر کو مایہ ناز بھارتی کرکٹ کھلاڑی سچن تندولکر کو ملک کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

سچن تندولکر یہ اعزاز پانے والے پہلے کھلاڑی ہونگے۔

سچن نے ہفتہ کو ہی اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کی دنیا کو الوداع کہا ہے۔

ممبئی کے وانكھیڈے سٹیڈیم میں انہوں نے اپنے الوداعی تقریر سے لوگوں کی آنکھیں نم کر دی تھیں۔ لیکن حکومت کی جانب اس اعلان کے بعد سے ان کے شائقین کو خوش ہونے کا موقع ملا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ این شری نواسن نے سچن کو بھارت رتن دیے جانے پر کہا ’سچن تندولکر ایک ترغیب شخصیت ہیں اور تمام کھلاڑیوں کے لئے ایک رول ماڈل ہیں۔ وہ بھارت رتن کے صحیح حقدار ہیں، میں ان کو دل مبارک باد دیتا ہوں۔‘

سچن تندولکر نے تقریبا چوبیس سال کے عرصے پر محیط اپنے کرکٹ کریئر کے دونوں فارمیٹ یعنی ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سچن نے اپنے کریئر میں کل 200 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں کی 239 اننگز میں 53۔78 کی اوسط سے کل 15921 رنز بنائے ہیں۔

سچن ریکارڈ کے بادشاہ

حکومت نے کچھ عرصہ پہلے قوانین میں تبدیلی کی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں کو بھی ملک کا یہ سب سے اعلیٰ اعزاز دینے کا راستہ آسان ہو گیا تھا
،تصویر کا کیپشنحکومت نے کچھ عرصہ پہلے قوانین میں تبدیلی کی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں کو بھی ملک کا یہ سب سے اعلیٰ اعزاز دینے کا راستہ آسان ہو گیا تھا

ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 248 رنز کا تھا، جو انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں بنائے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 51 سنچریاں اور 68 نصف سنچریاں بنائیںں۔

اسی طرح ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے کل 463 میچ کھیلے ہیں۔ ون ڈے کی 452 اننگز میں انہوں نے 44۔83 کی اوسط سے 18426 رنز بنائے ہیں۔ اس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

سچن تنڈولکر کو ملک کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز بھارت رتن دینے کا مطالبہ گزشتہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ اس کا مطالبہ کرنے والوں میں ملک کے ہر طبقے اور علاقے کے لوگ شامل تھے۔

حکومت نے کچھ عرصہ پہلے قوانین میں تبدیلی کی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں کو بھی ملک کا یہ سب سے اعلیٰ اعزاز دینے کا راستہ آسان ہو گیا تھا۔