چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے لیے 16 برس کا انتظار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ذیشان حیدر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
بھارت کے شہر بھوونیشور میں ہاکی کے 35ویں چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں میں اتوار کو پاکستان اور اولمپک چیمپیئن جرمنی کی ٹیمیں فائنل میں مدِمقابل ہوں گی۔
سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے اپنے دی جبکہ جرمنی نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں پہلے مرحلے میں اپنے پول میں آخری نمبر پر تھیں۔
یہ فائنل میچ اتوار کی شب پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے کالنگا سٹیڈیم کھیلا جائے گا۔
اتوار کو فائنل سے قبل دن میں مزید تین میچ کھیلے جا رہے ہیں۔
دن کے تیسرے میچ میں کانسی کے تمغے کے لیے بھارتی ٹیم گذشتہ پانچ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے مدِمقابل ہوگی۔
اس سے قبل ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا ہے جبکہ ہالینڈ نے ارجنٹائن کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
ماضی میں پاکستانی ٹیم تین مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے لیکن اس مرتبہ فائنل کھیلنے کے لیے اسے 16 برس انتظار کرنا پڑا ہے۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 1998 میں لاہور میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل کھیلا تھا جس میں اسے ہالینڈ نے ہرایا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اگر پاکستان یہ فائنل میچ جیت جاتا ہے تو 20 برس بعد یہ ٹرافی اس ملک میں آئے گی جہاں سے ان مقابلوں کا آغاز ہوا تھا۔
نو مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی جرمنی کی ٹیم 2009 کے بعد پہلی بار فائنل کھیلے گی۔ جرمنی نے آخری مرتبہ ان مقابلوں میں سنہ 2007 میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔
اس چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ابتدا میں انتہائی خراب تھی اور پول مقابلوں میں پاکستانی ٹیم اپنے تینوں میچ ہارنے کے بعد آخری نمبر پر رہی تھی۔
ان تین میچوں میں اس کے خلاف 13 گول ہوئے جبکہ پاکستانی ٹیم صرف تین گول ہی کر سکی تھی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کی وجہ سے تمام ٹیموں کو ہی كوارٹر فائنل میچ کھیلنے کا موقع ملا جہاں پاکستان نے عالمی نمبر دو ٹیم ہالینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔
اور پھر سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف فتح سے پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچی ہے۔
اپنے پول میں جرمنی نے کا حال بھی پاکستان سے زیادہ مختلف نہ تھا اور اسے تین میں سے دو میچوں میں شکست ہوئی۔
اپنے پہلے میچ میں تو جرمنی نے بھارت کو ایک صفر سے ہرا دیا تھا لیکن بقیہ دو میچوں میں اسے ہالینڈ اور ارجنٹائن نے تقریباً یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی۔
کوارٹر فائنل میں جرمن ٹیم ایک نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتری اور پول اے میں سرفہرست ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جہاں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو ہرا کر وہ فائنل میں پہنچی ہے۔



