مورکل کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا کو شکست

مورنی مورکل نے پرتھ کرکٹ گراؤنڈ کی فاسٹ بولنگ کے لیےمددگار پچ کا خوب فائدہ اٹھایا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمورنی مورکل نے پرتھ کرکٹ گراؤنڈ کی فاسٹ بولنگ کے لیےمددگار پچ کا خوب فائدہ اٹھایا

آسٹریلیا میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر مورنی مورکل نے اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےآسٹریلیا کی شکست میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز اب ایک ایک سے برابر ہے۔

پرتھ کی فاسٹ پچ پر مورنی مورکل نے آٹھ اوورں میں صرف اکیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلوی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ مورنی مورکل کے علاوہ فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولروں نےصرف 41 اوروں میں پوری آسٹریلوی ٹیم کو 154 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیج دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے67 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی۔ مچل مارش کے علاوہ کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ آسٹریلیا کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین، ڈیوڈ وارنر، ارون فنچ، شین واٹسن اور سمتھ 34 کے مجموعی سکور پر پویلین پہنچ چکے تھے۔

مائیکل کلارک کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض سر انجام دینے والے جارج بیلی اور مچل مارش نے ٹیم کو سکور کو آگ بڑھانے کی کوشش کی۔ جارج بیلی 92 کے مجموعی سکور پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جارج بیلی کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی مچل مارش کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلے ون ڈے میچ میں اسی آسٹریلوی ٹیم نے 50 اوروں میں 300 رنز سکور کیے تھے۔

جنوبی افریقہ نے جب 154 کے آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہاشم آملہ، ڈی کاک اور فاف ڈو پلیسس ٹیم کے سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ کپتان اے بے ڈویلیرز نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔

جنوبی افریقہ کے ’مرد بحران‘ اے بی ڈویلیریز نے ایک بار پھر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کر فتح سے ہمکنار کیا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ کے ’مرد بحران‘ اے بی ڈویلیریز نے ایک بار پھر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کر فتح سے ہمکنار کیا

ایک موقع پر جنوبی افریقہ کو پچیس اوروں میں 26 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں لیکن نوجوان آسٹریلوی فاسٹ بولر ہیزل وڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی۔ جنوبی افریقہ نے 154 رنز کا ٹارگٹ سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

جنوبی افریقہ کی فتح میں کپتان اے بی ڈویلیرز نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ہیلزوڈ کی تیز رفتار بولنگ کا نشانہ بنے۔ جب اے بی ڈویلیرز آؤٹ ہوئےتو

نوجوان بلے باز ملر نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی ذمہ اپنے سر لے لی اور مشکل حالات میں 22 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلا دی۔.