ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی برتری 319 رنز

،تصویر کا ذریعہGetty
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پر 15 رنز بنائے ہیں۔
اس طرح پاکستان کی نیوزی لینڈ پر مجموعی برتری 319 رنز ہو گئی ہے اور دوسری اننگز میں اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اظہر علی اور محمد حفیظ کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب نو اور پانچ رنز بنائے تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89436" platform="highweb"/></link>
اس سے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کی پہلی اننگز کے 566 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس طرح پاکستان کو نیوزی لینڈ پر پہلی اننگز میں 304 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کو فالو آن نہ کراتے ہوئے 304 رنز کی برتری سے دوسری اننگ کا آغاز کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم اپنی ٹیم کے ٹاپ سکورر رہے اور وہ 13 چوکوں کی مدد سے سنچری بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
انھوں نے واٹلنگ کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 65 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
منگل کے صبح نیوزی لینڈ کی جانب سے لیتھم اور کپتان برینڈن میک کلم نے 15 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو سکور میں 18 رنز کے اضافے کے بعد میک کلم ذوالفقار بابر کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ان کی جگہ آنے والے کے ولیم سن کو راحت علی نے صرف تین رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کر دیا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر ذوالفقار بابر کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں بغیر کوئی رنز بنائے کیچ ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس موقع پر کورے اینڈرسن اور لیتھم کے درمیان 83 رنز کی عمدہ شراکت ہوئی جس کا خاتمہ راحت علی نے 130 کے مجموعی سکور پر اینڈرسن کو بولڈ کر کے کیا۔
جیمز نیشم آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جنھیں سرفراز احمد نے 11 رنز پر محمد حفیظ کی گیند پر سٹمپ کیا۔
لیتھم نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے چھٹے جبکہ مارک کریگ ساتویں کھلاڑی تھے۔
ساؤدی وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے کر راحت علی کی چوتھی وکٹ بنے۔
پاکستان کی جانب سے راحت علی نے چار، ذوالفقار بابر نے تین، محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز بناکر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔



