یونس اور مصباح دونوں کی سنچریاں

یونس خان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیونس خان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کی ٹیم نے 566 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/89436" platform="highweb"/></link>

کپتان مصباح الحق اور یونس خان دونوں نے سنچریاں سکور کئیں جس کے فوراً بعد اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

یونس خان کی یہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھی سنچری تھی۔ اس سے قبل انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری سکور کی تھی۔

پیر کو احمد شہزاد اور اظہر علی نے پاکستان کی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا۔

اس دوران احمد شہزاد نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا بہترین سکور بھی بنایا۔ وہ 176 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کے تیز باؤنسر سے بچنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔

انھوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر 169 رنز کی شراکت قائم کی جو پاکستان کے لیے اس گراؤنڈ پر دوسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

اظہر علی اور احمد شہزاد نے بھی سو رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناظہر علی اور احمد شہزاد نے بھی سو رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کی ہے

احمد شہزاد پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ٹیسٹ اننگز میں 150 رنز بنانے والے سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بھی بن گئے۔ ان سے قبل یہ اعزاز حنیف محمد کے پاس تھا۔

نیوزی لینڈ کو تیسری وکٹ بھارتی نژاد لیگ سپنر اش سوڈھی نے اظہر علی کو بولڈ کر کے دلوائی۔

اظہر لگاتار تیسری سنچری بنانے میں ناکام رہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی17ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 87 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اتوار کو پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اب تک درست ثابت ہوا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں نو نومبر سے 19 دسمبر کے دوران تین ٹیسٹ، دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔

مصباح الحق اگر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ پندرہ کامیابیوں کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بن جائیں گے۔