ابوظہبی: احمد شہزاد کی سنچری، پاکستان کا عمدہ آغاز

،تصویر کا ذریعہAFP
ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 269 رنز بنائے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے۔
اتوار کو پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کے لیے 178 رنز بنا ڈالے۔
پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں کے درمیان چودہ سال بعد ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کی شراکت میں سو سے زیادہ رنز بنے۔ اس سے قبل سنہ دو ہزار میں آسٹریلیا کے خلاف یاسر حمید اور سلمان بٹ کے درمیان 102 رنز کی شراکت ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے بولر پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کرنے میں ناکام رہے اور ابتدائی دو سیشن میں وکٹ سے محروم رہے۔
انھیں دن کی واحد کامیابی اس وقت ملی جب محمد حفیظ سنچری سے صرف چار رنز کی دوری پر آؤٹ ہو گئے۔
حفیظ کے برعکس ان کے ساتھی اوپنر احمد شہزاد نے سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی آٹھ ٹیسٹ میچوں کے کریئر میں تیسری سنچری تھی جبکہ اس کے علاوہ وہ دو نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی کھیلنے آئے اور کھیل کے اختتام پر وہ 46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ ان کا ساتھ احمد شہزاد 126 رنز بنانے کے بعد دے رہے تھے۔
پہلی اننگز میں پاکستان کے سکور کرنے کی شرح بھی تین رنز فی اوور کے قریب رہی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ، دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور وہی ٹیم رکھی ہے جس نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔
ابوظہبی کے اسی میدان میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 356 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی جو اس کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی کامیابی بھی ہے۔
مصباح الحق اگر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ پندرہ کامیابیوں کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بن جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم اگر تین صفر سے بھی یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تب بھی وہ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہی رہے گی البتہ اس کے اور نمبر دو ٹیم آسٹریلیا کےدرمیان پوائنٹس کا فرق کم ہوجائے گا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم جو اس وقت عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے سیریز جیتنے کی صورت میں اپنی رینکنگ بہتر کرسکے گی اور پاکستان کی رینکنگ متاثر ہوگی۔



