دھونی نے کپتانی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

،تصویر کا ذریعہ PA
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 1- 3 سے ہارنے کے بعد کپتانی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ لندن کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو ایک اننگز اور 244 رنز سے شکست دے تھی۔
اوول ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارت نے ملک سے باہر 19 ٹیسٹ میچوں میں سے صرف ایک جیتا ہے۔
مہندر سنگھ دھونی سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا وہ بطور کپتان بھارتی ٹیم کو جہاں تک لا سکتے تھے لے آئے تو انھوں نے جواب دیا، ’شاید ہاں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’آپ کو انتظار کرنا اور دیکھنا ہو گا، اگر میں اتنا مضبوط ہوا یا نہیں، آپ کو انتظار کرنا ہو گا اور آپ کو خبر مل جائے گی۔‘
دھونی کے مطابق انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے گذشتہ تین ٹیسٹ میچوں کے دوران بھارتی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی اور نہ ہی انگلینڈ کا مقابلہ کر سکی۔
بھارت کی جانب سے 88 ٹیسٹ میچوں میں 4808 رنز بنانے والے مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران ہمارے بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے جو کہ بہت مایوس کن ہے۔
خیال رہے کہ 33 سالہ مہندر سنگھ دھونی نے سنہ 2008 میں بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی اور اس سے پہلے ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے سنہ 2007 میں پہلا عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتا تھا۔
دھونی نے بھارتی ٹیم کی 58 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور ان میں 27 ٹیسٹ جیتے اور یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔
بھارت نے دھونی کی قیادت میں پہلے 13 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے آٹھ جیتیں جس کی وجہ سے سنہ 2009 کے آخر سے سنہ 2011 تک بھارتی ٹیم ٹیسٹ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان رہی۔
بھارتی ٹیم دھونی کی قیادت سنہ 2011 میں منعقد ہونے والا ایک روزہ عالمی کپ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔



