’نیمار کو زخمی کرنے پر زونیگا کے خلاف کارروائی ممکن‘

برازیلی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نیمار کی صحت یابی میں کم از کم ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبرازیلی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نیمار کی صحت یابی میں کم از کم ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کا کہنا ہے کہ وہ برازیل کے فارورڈ نیمار کو زخمی کرنے والے کولمبیا کے فٹبالر ہوان زونیگا کے خلاف ممکنہ طور پر کارروائی کر سکتی ہے۔

زونیگا نے برازیل اور کولمبیا کے کوارٹر فائنل میں نیمار کی کمر میں گھٹنا مارا تھا جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ آئی اور وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

نیمار کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر پورے برازیل کو دھچکا لگا ہے اور برازیلی فٹبال کے لیجنڈ کھلاڑی پیلے نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس واقعے سے ’اس بات سے ہمارا دل دکھتا ہے کہ وہ اب ورلڈ کپ میں نہیں ہوگا۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیفا کی ترجمان ڈیلیا فشر نے سنیچر کو کہا ہے کہ تنظیم کی ’انضباطی کمیٹی ویڈیوز، میچ رپورٹ اور دیگر مواد کا جائزہ لے رہی ہے جس کی بنیاد پر کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔‘

زونیگا کا کہنا ہے کہ انھوں نے جان بوجھ کر 22 سالہ برازیلی فٹبالر کو نشانہ نہیں بنایا تاہم انھیں اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔

مشتعل برازیل شائقین نے انھیں ’بلا‘ اور ’فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ولن‘ بھی قرار دیا ہے۔

کولمبیا کے دفاعی کھلاڑی نے میچ کے بعد برازیلی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں جب میدان میں ہوتا ہوں تو اپنے ملک کے دفاع کے لیے جو ضروری ہو کرتا ہوں لیکن میرا مقصد کسی کو زخمی کرنا نہیں ہوتا۔‘

انھوں نے کہا کہ اس میچ میں ماحول بہت گرم تھا۔’بہت سے سخت ٹیکل ہوئے لیکن برازیلی بھی یہی کر رہے تھے۔ یہ عام بات ہے۔ میں نے وہ چیلنج اس کی ریڑھ کی ہڈی توڑنے کے لیے نہیں کیا۔ میں اپنے ملک کا دفاع کر رہا تھا۔‘

برازیل کے کپتان تیاگو سلوا نے کہا ہے کہ اب ان کی ٹیم نیمار کے لیے ورلڈ کپ جیتے گی۔

ادھر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد نیمار کو سنیچر کو ٹیم کے ٹریننگ بیس سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ساؤ پاؤلو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے انھیں سانتوس میں ان کی رہائش گاہ لے جایا جائے گا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نیمار کی صحت یابی میں کم از کم ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

برازیل کی ٹیم اپنے سٹار کھلاڑی کے بغیر منگل کو سیمی فائنل میں جرمنی کا سامنا کرنے والی ہے۔