اضافی وقت میں ڈی ماریا کا گول، ارجنٹائن کوارٹر فائنل میں

برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ارجنٹائن نے سوئٹزرلینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ساؤ پاؤلو میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے آغاز سے ہی تیز کھیل دیکھنے کو ملا اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے آغاز میں کئی اچھی مووز بنائیں۔
تاہم جلد ہی سوئس ٹیم کھیل کی رفتار سست کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس نے میسی سمیت ارجنٹائن کے فارورڈز کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔
پہلے ہاف میں ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اور دفاعی کھلاڑی اس کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے جس کی ان سے امید کی جا رہی تھی۔
ارجنٹائنی کھلاڑی ڈی ماریا کے گیند پر ناقص کنٹرول اور دفاعی کھلاڑیوں کی ناقص مارکنگ کے باعث سوئس ٹیم کئی بار گیند ارجنٹائن کی ڈی تک تو پہنچانے میں کامیاب رہی لیکن گول نہ کر سکی۔
سوئٹزرلینڈ کے لاویزی نے اس ہاف میں گول کرنے کا یقینی اور آسان موقع کھویا۔ وے گیند لے کر اکیلے گول کیپر کے سامنے پہنچ گئے تاہم ان کی کک حیران کن طور پر کمزور تھی جسے ارجنٹائن کے کیپر نے باآسانی روک لیا۔
دوسری جانب سوئس کھلاڑی سائے کی طرح ارجنٹائن کے سٹار فارورڈ میسی کے ساتھ لگے رہے اور انھیں گیند آگے لے جانے کے مواقع نہیں مل سکے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کی ٹیم ایک نئے جوش کے ساتھ میدان میں اتری اور ابتدائی 10 منٹ میں ہی سوئس گول پر متعدد حملے کیے۔
تاہم سوئس کیپر بینگالیو ان کی راہ میں حائل رہے اور جنوبی امریکی ٹیم کے کھلاڑی گول نہ کر سکے۔
مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے پر اضافی وقت دیا گیا جس کے پہلے ہاف میں بھی گول نہ ہو سکا۔
تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اس میچ میں مسلسل مبصرین کی تنقید کا نشانہ بننے والے اینجل ڈی ماریا نے میسی کے پاس پر گول کر کے ارجنٹائن کو برتری دلوا دی۔
ڈی ماریا نے اس میچ میں 51 مرتبہ گیند کا کنٹرول کھویا لیکن آخر میں وہی ارجنٹائن کو اگلے مرحلے میں لے جانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔
میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل سوئٹزرلینڈ کو میچ برابر کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن زیمیلی کا ہیڈر ارجنٹائن کے گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا۔
ارجنٹائن آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے جہاں اس کا مقابلہ بیلجیئم اور امریکہ کے میچ کے فاتح سے ہوگا۔



