وقاریونس پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی وقار کے ساتھ کام کرنے والے نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان نہیں کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی وقار کے ساتھ کام کرنے والے نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان نہیں کیا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

ان کی تقرری دو سال کے لیے کی گئی ہے۔

وہ آئندہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو رپورٹ کریں گے اور جولائی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا سے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے۔

وقار یونس اس سے قبل بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بولنگ کوچ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیو واٹمور کی خالی ہونے والی جگہ پر تقرری کے لیے جب درخواستیں طلب کی تھیں تو اس وقت بھی وقاریونس نے کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دی تھی تاہم ذکا اشرف کی جگہ نجم سیٹھی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد قرعہ معین خان کے نام نکل آیا تھا۔

معین خان کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے کوچ بنایا گیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچ کے لیے درخواستیں طلب کیں اور اسی دوران پی سی بی اور وقاریونس کے درمیان دوبارہ رابطہ ہوا تھا۔

اس وقت سے ہی یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ وقاریونس کو ذمہ داری سونپنے میں سنجیدہ ہے اور ان کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچ کی تلاش کے لیے ہارون رشید، معین خان اور انتخاب عالم پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی تھی۔

تاہم چند روز پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہہ دیا تھا کہ وقار یونس کو دو سال کا کنٹریکٹ پیش کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچنگ سٹاف کا ابھی اعلان نہیں کیا ہے۔