معین خان قومی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر اور منیجر مقرر کردیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس چیئرمین پی سی بی کے پرنسپل ایڈوائزر بنا دیے گئے ہیں۔
معین خان کی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے تقرری راشد لطیف کی جگہ عمل میں آئی ہے جنھوں نے چیف سلیکٹر بنائے جانے کے اعلان کے کچھ عرصے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا تھا کہ وہ یہ ذمہ داری نہیں سنبھال سکتے۔
معین خان ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کے کوچ بنائے گئے تھے۔
ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں فائنل میں پہنچی تھی تاہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل تک بھی نہ پہنچ سکی اور کپتان محمد حفیظ نے وطن واپسی پر قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔
معین خان کو نجم سیٹھی نے اس سے قبل بھی چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا لیکن اسلام آْباد ہائی کورٹ کی جانب سے نجم سیٹھی پر بڑے فیصلے کرنے کی پابندی کے سبب معین خان یہ عہدہ نہیں سنبھال سکے تھے جس کے بعد انھیں پاکستانی ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا گیا تھا۔
معین خان کے چیف سلیکٹر اور منیجر بنائے جانے کے بعد اب یہ بات یقینی دکھائی دے رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ وقار یونس کو کوچ کی ذمہ داری سونپ دے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہوئی ہیں۔
ظہیر عباس کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا پرنسپل ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے وہ اس عہدے پر اعزازی طور پر کام کریں گے ۔وہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔



