ٹیسٹ رینکنگ: آسٹریلیا پہلے، پاکستان چوتھے نمبر پر

مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ میچوں کی تازہ رینکنگ کے مطابق پانچ سال کے عرصے کے بعد آسٹریلیا پہلے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ پاکستان چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ جبکہ انگلینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت اس سے قبل ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر تھا لیکن تازہ رینکنگ میں پانچویں نمبر ہے۔

آسٹریلیا کی یہ خوشی شاید زیادہ عرصے نہ چل سکے کیونکہ جلد ہی جنوبی افریقہ سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ کھیلے گا۔

ایک روزہ میچوں کی رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں سری لنکا پہلے نمبر پر ہے، بھارت دوسرے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر اور منیجر مقرر کیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس چیئرمین پی سی بی کے پرنسپل ایڈوائزر بنا دیے گئے ہیں۔

معین خان کی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے تقرری راشد لطیف کی جگہ عمل میں آئی ہے جنھوں نے چیف سلیکٹر بنائے جانے کے اعلان کے کچھ عرصے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا تھا کہ وہ یہ ذمہ داری نہیں سنبھال سکتے۔

معین خان ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کے کوچ بنائے گئے تھے۔

ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں فائنل میں پہنچی تھی تاہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل تک بھی نہ پہنچ سکی اور کپتان محمد حفیظ نے وطن واپسی پر قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔