ابوظہبی ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ بے نتیجہ رہا ہے۔
سنیچر کو کھیل کے آخری دن سری لنکا نے پاکستان کو فتح کے لیے 302 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا اور جب امپائرز نے دونوں ٹیموں کی مشاورت میچ کے خاتمے کا اعلان کیا تو اس وقت پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88602" platform="highweb"/></link>
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 80 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 55 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر کیچ ہوئے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی اوپنر خرم منظور تھے جو صرف آٹھ رنز بنا سکے، انہیں لکمل نے آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 480 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پاکستانی بولرز پانچویں دن بھی مزید کوئی سری لنکن وکٹ حاصل نہ کر سکے اور کپتان اینجلو میتھیوز 157 اور پرسنّا جے وردھنے 63 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں جنید خان نے تین جبکہ بلاول بھٹی نے دو وکٹیں لیں۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بےبس دکھائی دیے تھے۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان اور مصباح الحق کی سنچریوں کی بدولت 383 رنز بنا کر سری لنکا پر 179 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔



