جاپان: پاکستان دوسری بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح

جاپان میں کھیلی جانے والی تیسری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔
اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کی جانب سے حسیم خان، رضوان سینئیر اور حماد بٹ نے اپنی ٹیم کی جانب سے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان کے سرکاری ٹیم کے مطابق قومی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔
پاکستان نے پہلے میچ میں عمان کو، دوسرے میں چین کو تیسرے میچ میں ملائیشا کو جبکہ چوتھے میں بھارت کو ہرایا تھا۔
پاکستان نے گزشتہ سال ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
بھارت نے سنہ 2010 میں کھیلے جانے والے پہلے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رواں برس کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، عمان، چین، ملائشیا اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہیں۔



