ابوظہبی: تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ فاتح

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ابوظہبی میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے فاف ڈو پلیسی اور جے پی ڈومینی نے نصف سنچریاں بنائیں۔ ڈوپلیسی 55 جبکہ ڈومینی 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ کوئنٹن ڈی کاک نے چارلیس جبکہ ڈی ویلیئرز اور ملر نے چونتیس رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان کے لیے محمد عرفان نے تین جبکہ سعید اجمل اور شاہد آفریدی نے دو، دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ لی۔
260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے پاکستان کو پچاس رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور ابتدائی اوورز میں آٹھ رن فی اوور کی اوسط سے رن بنائے۔

تاہم اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم پینتالیسویں اوور میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض 33 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ پہلے دو میچوں میں نصف سنچری بنانے والے احمد شہزاد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سپنر عمران طاہر نے چار پاکستانی بلے بازوں کو پویلین پہنچایا۔ ان کے علاوہ میکلارن اور مورکل دو دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں اسد شفیق کی واپسی ہوئی جنہیں آؤٹ آف فارم اوپنر ناصر جمشید کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
جنوبی افریقہ نے بھی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں اور گریم سمتھ کی جگہ کوئنٹن ڈی کاک، کولن انگرم کی جگہ ہاشم آملہ اور وین پارنل کی جگہ ڈیل سٹین نے میچ میں شرکت کی۔
اس فتح کے نتیجے میں پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو ایک سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔
سیریز کے پہلے میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے باآسانی 67 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
اس سیریز میں اب تک دونوں ٹیموں کے بلے باز مشکلات کا شکار نظر آئے ہیں جبکہ بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔



