پاکستانی ٹیم کا مختصر دورۂ جنوبی افریقہ

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اٹھارہ نومبر کو جنوبی افریقہ پہنچے گی
،تصویر کا کیپشنپاکستان کی کرکٹ ٹیم اٹھارہ نومبر کو جنوبی افریقہ پہنچے گی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ہے جس میں وہ تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم کا یہ دورہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کو مختصر کیے جانے کے بعد ترتیب دیا گیا ہے۔

خِیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگراں چیئرمین نجم سیٹھی نے چند روز قبل یہ کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے انھیں کام سے روکے جانے کے بعد جنوبی افریقہ کا یہ دورہ ختم ہو چکا ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 16 سے 18 کروڑ روپے تک کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ یہ دورہ بورڈ اور شائقین کے نقطۂ نظر سے بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ بھارتی ٹیم کا دورہ مختصر کیے جانے کے بعد وہ اپنے شائقین کو کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ مصروف دیکھنا چاہتے ہیں اور انھیں خوشی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی پیشکش قبول کر لی ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ہارون لورگاٹ بدھ کو دبئی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے اس سیریز کی تفصیلات طے کریں گے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیل رہی ہے اور اس کے بعد وہ 18 نومبر کو جنوبی افریقہ پہنچے گی۔

پاکستانی ٹیم کا رواں برس جنوبی افریقہ کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔

رواں سال کے اوائل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے۔