ابو ظہبی: سیریز میں برتری دلانے والا میچ

ہاشم آملہ اور ناصر جمشید ابو ظہبی میں ٹریننگ سیشن کے دوران
،تصویر کا کیپشنہاشم آملہ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد پیٹے کی پیدائش کے سلسلے وطن واپس چلے گئے تھے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

مصباح الحق خوش ہیں کہ پاکستانی ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں شکست کا بدلہ اگلے ہی میچ میں لے لیا لیکن انہیں اس بات کا بھی شدت سے احساس ہے کہ بیٹسمین بڑے سکور تک پہنچنے سے پہلے ہی وکٹیں گنوا دیتے ہیں اور اس کمزوری سے جتنی جلد چھٹکارا پالیا جائے، بہتر ہوگا۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور کسی بھی ٹیم کو برتری دلانے والا تیسرا میچ بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ اسی میدان پر پاکستان نے پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین اعتماد سے اپنی اننگز کا آغاز کرتے ہیں، سیٹ ہوجاتے ہیں لیکن جب اس اننگز کو بڑے سکور میں منتقل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ آؤٹ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں محمد حفیظ، احمد شہزاد اور خود اپنی مثال دی۔

اس سیریز میں دونوں ٹیمیں بیٹنگ کے مسائل میں گِھری ہوئی ہیں۔ اگر ایک جانب پاکستانی بیٹسمین بڑا سکور نہیں کر پا رہے ہیں تو دوسری جانب جنوبی افریقی بیٹسمینوں کے ہاتھ بھی پاکستان کی مؤثر بولنگ نے باندھ رکھے ہیں۔

پاکستانی سپنرز معمول کے مطابق اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔

سعید اجمل عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں
،تصویر کا کیپشنسعید اجمل عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں

شاہد آفریدی جن پر پہلے میچ میں اہم موقع پر وکٹ گنوانے پر کافی تنقید ہوئی تھی اور وسیم اکرم نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ انہیں گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرائی جائے وہ دو میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کر کے نمایاں ہیں۔

سعید اجمل کی چھ وکٹیں بھی انہیں دوبارہ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر لے آئی ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم ہاشم آملہ کی واپسی سے بیٹنگ کی کارکردگی میں بہتری کی توقع کر رہی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے ہاشم آملہ بیٹے کی پیدائش کے سلسلے میں وطن چلے گئے تھے۔ جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ اور دونوں ون ڈے میچوں میں ان کی کمی شدت سے محسوس کی۔

ہاشم آملہ کی کوشش ہوگی کہ بڑا سکور کرنے کی عادت سے ٹیم کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ کھوئی ہوئی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی دوبارہ حاصل کر لیں جو ان کے دو میچ نہ کھیلنے کے سبب وِراٹ کوہلی نے حاصل کر لی ہے۔

فاسٹ بولر ڈیل سٹین بھی دو میچوں کے آرام کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کے آرام میں خلل ڈالنے کے لیے دوبارہ میدان میں اتریں گے۔