ابوظہبی: خرم منظور کی سنچری، جنوبی افریقہ کی برتری کا خاتمہ

خرم منظور ٹیسٹ کرکٹ میں اس سنچری سے قبل چھ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنخرم منظور ٹیسٹ کرکٹ میں اس سنچری سے قبل چھ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں

ابوظہبی میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی برتری کا خاتمہ کر دیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 263 رنز بنائے تھے اور اسے جنوبی افریقہ پر 14 رنز کی برتری حاصل ہے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88519" platform="highweb"/></link>

پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر خرم منظور کی شاندار سنچری تھی جو اب بھی 131 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ان کا ساتھ مصباح الحق دے رہے ہیں جنہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔

اس سے قبل اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اوپنر شان مسعود نے نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ خرم منظور کے ساتھ مل کر ٹیم کو 135 رنز کا آغاز دیا۔

انہیں 75 کے سکور پر ڈومینی نے آؤٹ کیا جبکہ آؤٹ ہونے والے دیگر دو پاکستانی بلے بازوں میں اظہر علی 11 اور تجربہ کار بلے باز یونس خان صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈومینی، فیلینڈر اور مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے جب دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پہلے دن سنچری بنانے والے ہاشم آملہ اپنے سکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے محمد عرفان کی تیسری وکٹ بنے تو سعید اجمل نےسکور میں چار رنز کے اضافے کے بعد ڈیل سٹین کو سٹمپ کروا کے جنوبی افریقہ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

پاکستانی سپنر ذوالفقار بابر نے اپنے پہلے ہی میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں
،تصویر کا کیپشنپاکستانی سپنر ذوالفقار بابر نے اپنے پہلے ہی میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر ذوالفقار بابر تین، تین وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے۔

جنوبی افریقہ کے اس دورے میں دونوں ممالک کے مابین دو ٹیسٹ میچ، پانچ ایک روزہ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔

حفاظتی وجوہات کی بنا پر ملک سے بین الاقوامی کرکٹ ختم ہونے کے بعد سے پاکستان متحدہ عرب امارات میں میزبانی کے فرائض انجام دیتا رہا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

اس سیریز میں فتح پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ چوتھی پوزیشن دلوا سکتی ہے جو کہ زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز برابر ہونے کی وجہ سے اس سے چھن گئی تھی۔

جنوبی افریقہ نے اپنے پانچوں گذشتہ ٹیسٹ میچ جیتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے مابین اب تک کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں سے 11 میں جنوبی افریقہ اور صرف 3 میں پاکستان فاتح رہا ہے۔