شارجہ:جنوبی افریقہ کی سہ روزہ میچ میں عمدہ بیٹنگ

جنوبی افریقہ اور پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے سہ روزہ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے ہیں۔
منگل کو شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستان اے کے کپتان عمر امین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس میچ میں کھیلنے والے ٹیم میں سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کے لیے تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ سلیکٹرز پہلے ہی بارہ ناموں کا اعلان کر چکے ہیں جن میں صرف ایک اوپنر خرم منظور شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور آٹھ کے مجموعی سکور پر کپتان سمتھ 2 رنز بنا کر احسان عدل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ہاشم عاملہ اور پیٹرسن کے درمیان 105 رنز کی شراکت داری ہوئی اور دونوں بلے باز بلترتیب 50 اور 58 رنز بنا کر وقفے وقفے سے ریٹائرڈ ہرٹ یعنی انجری کے سبب گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں کیلس 70 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے انہیں شعیب مقصود نے آؤٹ کیا۔
منگل کو پہلے دن کے اختتام پر ڈومنی اور پیلسس کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے احسان عادل، عثمان قادر اور شعیب مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سہ روزہ میچ میں سلیکٹرز اسد شفیق اور فیصل اقبال کی کارکردگی بھی دیکھنا چاہتے ہیں جس کے بعد ہی ان میں سے کوئی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے گا۔
اسد شفیق اس سال جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سنچری کے علاوہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
فیصل اقبال سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دوروں میں ٹیم میں شامل رہے لیکن کھیلے بغیر واپس آ گئے۔
جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں ابو ظہبی پہنچ چکی ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا میچ چودہ اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
تئیس سے ستائیس اکتوبر تک ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔



