چائنا اوپن کے فائنل میں جاکووچ کی فتح

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کھیلے جانے والے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ نے سپین کے رفائل ندال کو ہرا دیا ہے۔
ہر چند کہ ندال ٹینس کی عالمی رینکنگ میں نوواک جوکووچ سے ان کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے ہی والے ہیں لیکن اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں انہیں سٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ تین کے سکور سے شکست ہوئی۔
واضح رہے کہ پیر کو جب ٹینس کی نئی عالمی درجہ بندی جاری ہوگی تو رفائل ندال عالمی نمبر ایک بن جائیں گے۔
وہ چائنا اوپن کے فائنل میں پہنچتے ہیں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گئے تھے تاہم فائنل میں میں شکست کے ساتھ ہی ان کی لگاتار 21 فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔
جوکووچ کے لیے پہلی پوزیشن کھونے کے باوجود یہ جیت کافی اہم ہے۔ انھوں نے چار بار چائنا اوپن کا خطاب جیتا ہے۔
انھوں نے فائنل کی شروعات شاندار انداز میں کی اور رفائل ندال کی پہلی سروس بریک کی اور پہلے سیٹ میں 0۔3 کی سبقت حاصل کر لی اور پھر یہ سیٹ 35 منٹ میں جیت لیا۔
دوسرے سیٹ میں بھی جوکووچ نے شروع میں ہی سروس بریک کر کے سبقت اور نفسیاتی برتری حاصل کی اور پھر ندال کو میچ میں واپس آنے کا کوئی موقع نہیں مل سکا۔



