کنفیڈریشنز کپ کے پہلے میچ میں برازیل فاتح

برازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان کھلاڑی سٹرائیکر نیمرنے پہلا گول کیا
،تصویر کا کیپشنبرازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان کھلاڑی سٹرائیکر نیمرنے پہلا گول کیا

برازیل میں کھیلے جا رہے کنفیڈریشنز فٹبال کپ کے پہلے میچ میں میزبان ملک برازیل نے جاپان کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔

برازیل کی جانب کھیل کے تیسرے منٹ میں نوجوان کھلاڑی سٹرائیکر نیمرنے پہلا گول کیا۔اس کے بعد پولنہو نے برتری دو صفر کر دی جب انھوں دانی الوس کے کراس پر گول کیا۔

میچ کے آخری منٹوں میں فریڈ کی جگہ آنے والے جو نے آسکر کے پاس پر برازیل کی جانب سے تیسرا گول کیا۔

جنوبی امریکہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ٹم وکیری کا کہنا ہے کہ برازیل میں اگلے سال فٹبال کے عالمی مقابلہ منعقد کرانے پر جو رقم خرچ کی جارہی ہے اس کے خلاف پہلے میچ کے دوران مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔

برازیل کے تقریباً ایک ہزار باشندون نے ملک کے قومی سٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھیں فٹبال کے عالمی کپ کی ضرورت نہیں ہے، انھیں ہسپتالوں اور تعلیم کے لیے پیسے چاہیئیں۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور کالی مرچ کے پاؤڈر کا استعمال کیا۔

مظاہرین آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ پر عوام کے پیسےخرچ کیے جانے کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے
،تصویر کا کیپشنمظاہرین آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ پر عوام کے پیسےخرچ کیے جانے کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے

اطلاعات کے مطابق مظاہرین پر قابو پانے کے لیے ربڑ کی گولیاں بھی چلائی گئیں جبکہ 15 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔

برازیل میں جاری کنفیڈریشنز کپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بارگول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ برازیل میں سنہ 2014 کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ مقابلے 12 جون سے 13 جولائی 2014 تک جاری رہیں گے۔

برازیل فٹبال کے عالمی مقابلوں کی دوسری بار میربانی کرے گا اس سے پہلے وہ سنہ 1950 میں ان مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اسی طرح سنہ 2016 کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیئرو میں منعقد ہوں گے۔