برازیل: ساؤپاؤلو شہر کو فیفا کی تنبیہ

برازیل پر ورلڈ کپ کے معاملات چلانے کے حوالے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے جہاں کئی معاملات میں شدید تاخیر سامنے آ رہی ہے
،تصویر کا کیپشنبرازیل پر ورلڈ کپ کے معاملات چلانے کے حوالے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے جہاں کئی معاملات میں شدید تاخیر سامنے آ رہی ہے

فٹبال کے عالمی نگران ادارے فیفا نے برازیل کو خبردار کیا ہے کہ اس کے شہر ساؤپاؤلو سے آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے میچز منعقد کرنے کا حق واپس لیا جا سکتا ہے۔

برازیل کے شہر ساؤپاؤلو میں دو ہزار چودہ میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بھی منعقد کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

فیفا نے برازیل کے اس شہر میں تعمیراتی کاموں میں تاخیر کی وجہ سے برازیل کو متنبہ کیا ہے۔

فیفا کے سیکرٹری جنرل جیروم ویلکی نے کہا ہے کہ وہ سٹیڈیمز کی تعمیر میں کسی قسم کی بھی تاخیر کو تسلیم نہیں کریں گے جنہیں دسمبر میں مکمل کیا جانا طے پایا ہوا ہے۔

اتاکیراؤ سٹیڈیم مقامی فٹبال ٹیم کی ملکیت ہے نے اس بات پر تشویش ظاہر کی تھی کہ فیفا کو پتا ہے کہ یہ سٹیڈیم فروری تک مکمل نہیں ہو پائے گا کیونکہ اس میں افسر شاہی کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے گئے تھے۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کا فٹبال سٹیڈیم تکمیل کے آخری مراحل میں
،تصویر کا کیپشنبرازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کا فٹبال سٹیڈیم تکمیل کے آخری مراحل میں

برازیل پر ورلڈ کپ کے معاملات چلانے کے حوالے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے جہاں کئی معاملات میں شدید تاخیر سامنے آ رہی ہے۔

جیروم ویلکی نے کہا کہ ’ہم سب کچھ بدل سکتے ہیں اس وقت تک جب تک پہلا ٹکٹ فروخت کے لیے نہیں پیش کیا جاتا۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم میچز کا پورا شیڈیول بدل سکتے ہیں یکم اگست تک۔ ہمیں اس وقت تک آزادی ہے کچھ ہفتوں یا چلیں کچھ مہینوں تک کے لیے جب تک ہم ساؤپاؤلو شہر والوں کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے بات کریں کہ ان کے سٹیڈیم کے حوالے سے جو صورتحال ہے۔‘