مورینو کا ریال میڈرڈ کے ساتھ ’آخری سیزن‘

ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ہیڈ کوچ ہوزے مورینو رواں سیزن کے اختتام پر کلب کو چھوڑ دیں گے۔
اس بات کا اعلان فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پریز نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
پریز کا کہنا تھا ’باہمی رضا مندی کے مطابق کسی کو بھی برطرف نہیں کیا گیا، ہم نے طے کیا ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو ختم کر دیں‘۔
پریز نے مزید کہا میں بورڈ آف ڈایکٹرز کی جانب سے ہوزے مورینو کا ریال میڈرڈ کے لیے کی جانے والی محنت پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انھوں نے کہا ہوزے کی قیادت میں ریال میڈرڈ نے تین برس کے دوران اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کی اور ہم ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پریز نےیہ بھی کہا کہ ’ہم نے کسی دوسرے شخص کے ساتھ کلب کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کوئی معاہدہ نہیں کیا اور اس بارے میں آنے والے دنوں میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ ریال میڈرڈ نےگزشتہ دو سالوں کے دوران کوئی ٹرافی نہیں جیتی۔
پچاس سالہ ہوزے مورینو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دوبارہ انگلش فٹبال کلب چیلسی میں واپس جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ریال میڈرڈ لیگ ٹیبل میں بارسلونا کلب سے 13 پوائنٹس پیچھے ہے اور اسے ایتھلیٹیکو کلب نے جمعے کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں شکست دی تھی۔
ریال میڈرڈ کو ہیڈ کوچ ہوزے مورینو کی قیادت میں چیمپیئنز لیگ کے تین سیزن کے سیمی فائنلز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



