کرپشن میں کسی طور پر ملوث نہیں:اسد رؤف

اسد رؤف سات سال سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں
،تصویر کا کیپشناسد رؤف سات سال سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں

پاکستان سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ امپائر اسد رؤف نے واضح کیا ہے کہ وہ کرکٹ کرپشن میں کسی طور بھی ملوث نہیں ہیں اور اس سلسلے میں ان کا نام بلا جواز اچھالا جا رہا ہے۔

اسد رؤف نے بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے کسی بھی طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسد رؤف نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ، میچ فکسنگ، تحائف اور پیسہ یہ وہ چار چیزیں ہیں جو ان کی زندگی میں کبھی شامل نہیں رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کے لیے سخت تکلیف دہ ہے کہ میڈیا میں ان کا نام کرکٹ کرپشن کے ضمن میں لیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اسد رؤف آئی پی ایل میں امپائر تھے اور بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کے بعد کہ ممبئی پولیس اسد رؤف سے تفتیش کر رہی ہے آئی سی سی نے انھیں چیمپئنز ٹرافی کے امپائرز پینل سے دستبردار کروا لیا تھا۔

آئی سی سی نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ممبئی پولیس کی تفتیش کس نوعیت کی ہے تاہم صرف اتنا کہا تھا کہ یہ فیصلہ اسد رؤف کے مفاد میں کیا گیا ہے۔

اسد رؤف سات سال سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہیں اور اب تک وہ 48 ٹیسٹ، 98 ون ڈے انٹرنیشنل اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔