آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ، تفتیش کا دائرہ وسیع

آئی پی ایل میں سپاٹ فکنسنگ اور بیٹنگ کے تعلق سے پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزيد وسیع کر دیا ہے اور اب ممبئي پولیس چینائی ٹیم کے مالک سے جلد پوچھ گچھ کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
جمعرات کو ممبئي پولیس نے چينائي ٹیم کے مالک گروناتھ منی یپّن سے پوگچھ کے لیے چینائی گئی تھی لیکن ان سے ملاقات نہ ہونے کے سبب پولیس نے انہیں سمّن جاری کیا تھا۔
لیکن چینائی سپر کنگز کے چیف ايگزیکیوٹیو منی یپّن نے کہا تھا کہ اتوار کو آئي پی ایل کا فائنل میچ ہونے کے بعد وہ پیر کو خود کو پولیس کو حوالے کردیں گے۔ لیکن پولیس نے اسے مسترد کر دیا ہے۔
ممبئی کرائم برانچ کے ایک سینیئر پولیس اہل کار نے کہا ہے کہ ’مسٹر منی یپّن کو آج کے روز صبح دس بجے سے پانچ بچے کے درمیان حاضر ہونے کے لیے کہا گيا تھا تو انہیں آج پانچ بجے سے پہلے حاضر ہونا ہے۔‘
بالی وڈ کے اداکار وندو دارا سنگھ کی گرفتاری کے بعد منی یپّن کا نام سامنے آيا تھا جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ این سری نواسن کے داماد ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق وندو دارا سنگھ نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ منی یپّن کے لیے ہی سٹہ کھیلتے تھے۔
وندو دارا سنگھ کی پولیس ریمانڈ آج ختم ہو رہا ہے اس لیے آج انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ممکن ہے کہ پولیس ان کا ریمانڈ بڑھانے کا مطالبہ کرے۔
چینائی کی ٹیم میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کا بھی شیئر ہے اور اب ان پر اس بات کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا ہے کہ انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثيت سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق بورڈ کے سربراہ نے استعفیٰ دینے سے منع کیا ہے اور کہا ہے اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں ہے اس لیے تفتیش مکمل ہونے تک لوگوں کو انتظار کرنا چاہیے۔
مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق بھارتی بورڈ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے داماد کی سٹے بازی سے آگاہ نہیں ہیں۔
وندو دارا سنگھ کی گرفتاری سے پہلے دلی کی پولیس نے راجستھان رائلز کی ٹیم کے تین گیند بازوں کو سپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
دلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں بعض دیگر کھلاڑیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور اگر ضرورت پڑی تو بعض اور لوگوں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
اس دوران انڈین پریمیئر لیگ کے کمشنراور رکن پارلیمان راجیو شکلا اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر ارون جیٹلی نے مرکزی وزیر قانون کپل سبّل سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چيت میں راجیو شکلا نے کہا کہ وزیر قانون سے کہا گيا ہے کہ ’میچ فکسنگ کے خلاف ایک ایسا سخت قانون وضع کیا جائے جس سے اس میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دی جا سکیں۔‘
اس سے قبل وزیر قانون کپل سبّل نے کہا تھا کہ فیچ فکسنگ کے تعلق سے بھارت میں کوئی خاص قانون نہیں ہے اس لیے آئندہ آنے والے پارلیمانی اجلاس میں اس بارے میں قانون وضع کرنے کے لیے ایک بل متعارف کیا جائے گا۔
راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جلد ہی وزارت کھیل سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ ایک سخت قانون بنایا جاسکے۔



