سہارا گروپ کا آئی پی ایل سے علیحدگی کا اعلان

سپاٹ فکسنگ کے تنازعات میں گھری بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل سے پونے واریئرز کی ٹیم نے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پونے واریئرز سہارا گروپ کی ٹیم ہے اور سہارا گروپ بھارتی کرکٹ ٹیم کا آفیشیئل سپانسر بھی ہے۔
پونے واریئرز کے مالک سہارا گروپ نے اپنی تمام فرنچائز فیس ادا نہیں کی اور اس نے آئی پی ایل سے باہر ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
اس کے ساتھ ہی اس نے سنہ 2014 سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو سپانسر نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
سہارا گروپ کے ذریعے فیس نہ ادا کرنے پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی نے اس کی بینک گارنٹی کو کیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سہارا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سہارا گروپ بی سی سی آئی کے رویے سے تنگ آ چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر فرنچائز فیس کلی طور پر بھی معاف کر دی جائے تو بھی ہم ٹی 20 کی فرنچائز نہیں رکھیں گے۔ آئی پی ایل سے باہر ہونے کا سہارا کا فیصلہ حتمی اور اٹل ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سال 2010 میں سہارا نے 1700 کروڑ کی بولی لگا کر، 94 میچوں کی آمدنی کے حساب سے ٹی 20 میچوں کی فرنچائز خریدی تھی۔ بی سی سی آئی نے میڈیا میں 94 میچوں کی بات بتائی تاکہ اسے زیادہ پیسے مل سکیں لیکن ہمیں صرف 64 ہی میچ ملے۔‘

سہارا کا دعوی ہے کہ فرنچائز فیس میں کمی کے لیے ثالثی کی درخواست پر بی سی سی آئی نے کوئی توجہ نہیں دی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کوچی اور ہماری ٹیم نے فوری طور پر اس کی مخالفت کی تھی اور فرنچائز فیس کو ٹی 20 میچوں کے حساب سے کم کرنے کے لیے کہا تھا لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔ ہم نے اس یقین کے ساتھ انتظار کیا کہ کھیل کے اس ادارے میں کھیل کا جذبہ ہوگا۔‘
سہارا گروپ کا کہنا ہے کہ وہ سال 2014 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی سپانسر بھی نہیں رہے گی۔
گروپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بی سی سی آئی کے رویے کو دیکھتے ہوئے گروپ فوری طور پر بھارتی ٹیم کی سپانسر شپ کا معاہدہ بھی ختم کر دینا چاہتا تھا لیکن کھلاڑیوں کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اس نے ایسا نہیں کیا اور دسمبر، 2013 تک اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بی سی سی آئی کوئی دوسرا سپانسر ڈھونڈ سکے۔
آئی پی ایل کے جاری ٹورنامنٹ میں پونے واریئرز کی کارکردگی انتہائي مایوس کن رہی ہے اور وہ آخری دوسرے نمبر پر ہے۔



