سپاٹ فکسنگ کے ڈانڈے بالی وڈ تک

وندو دارا سنگھ
،تصویر کا کیپشنوندو دارا سنگھ ریئلیٹی شو بگ باس کے فاتح رہ چکے ہیں

ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے مشہور پہلوان اور اپنے زمانے کے معروف اداکار دارا سنگھ کے بیٹے وندو دارا سنگھ کو سٹے بازوں سے مبینہ تعلقات کے معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔

وندو دارا سنگھ کو ممبئی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا اس کے بعد انہیں 24 مئی تک پولیس حراست میں دے دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار زبیر احمد کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس معاملے میں ہندی فلم انڈسٹری سے وابستہ کسی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس معاملے میں وندو دارا سنگھ یا ان کے اہل خانہ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ممبئی کرائم برانچ کے جوائنٹ کمشنر ہمانشو رائے نے اس بات کی تصدیق کی کہ ودو دارا سنگھ سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں بھارتی کرکٹر شری سنت سمیت آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں کو دہلی پولیس نے ممبئی سے گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس معاملے میں کئی سٹے بازوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے کمشنر نیرج کمار نے اس وقت بھی کہا تھا کہ اس معاملے میں مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔

وندو دارا سنگھ کئی فلموں اور ٹی وی سیریل میں کام کر چکے ہیں۔ وہ بگ باس نامی معروف ریئلیٹی شو میں بھی حصہ لے چکے ہیں اور اس کے فاتح بھی رہے ہیں۔