آئی پی ایل:چنئی سپر کنگز کے مالک گرفتار

- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
ممبئی پولیس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کے داماد اور آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے مالک گروناتھ میپّن کو میچوں میں سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
میپّن کی گرفتاری سے ان کے سسر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور ساتھ ہی آئی پی ایل کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
ممبئی کے جوائنٹ پولیس کمشنر ہیمانشو رائے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہم نے بعض اطلاعات کی بنیاد پر پر مسٹر میپّن سے پوچھ گچھ کی تھی اور پوچھ گچھ کے بعد ہمیں یقین ہے کہ وہ سٹے بازی میں ملوث ہیں۔ انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائےگا۔‘
ممبئی پولیس جمعرات سے گروناتھ میپّن کو تلاش کر رہی تھی۔ گروناتھ جمعہ کی شام ایک نجی طیارے کے ذریعے ممبئی پولیس کے دفتر پہنچے۔ پولیس نے انہیں کئی گھنٹے کی پو چھ گچھ کے بعد گرفتار کیا۔
اس سے قبل انڈیا سیمنٹ لمیٹڈ نے جمعہ کی شام جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ گروناتھ میپّن چنئی سپر کنگز ٹیم کے مالک یا پرنسپل نہیں ہیں وہ صرف ٹیم کی مینیجمنٹ کمیٹی کے ایک معمولی رکن ہیں۔
گرو ناتھ میپّن کی گرفتاری فلم اداکار وندو دارا سنگھ کی گرفتاری کے بعد عمل میں آئی ہے۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گروناتھ میپّن مبینہ طور پر وندو کے توسط سے کرکٹ میچوں پر سٹے میں پیسہ لگا یا کرتے تھے۔
میپّن کی ٹیم چنئی سپر کنگز آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی ہے اور اتوار کو اس کا مقابلہ ممبئی انڈین سے ہونے والا ہے۔ لیکن میپّن کی گرفتاری سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ چنئی کی ٹیم کو نا اہل قرار دیا جائے۔
کرکٹ میں سٹے بازی کے اس واقعہ کی شروعات گزشتہ دنوں قومی کھلاڑی شری سنت سمیت راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں کی گرفتاری سے ہوئی تھی ۔
دلی پولیس نے کہا ہے کہ ابھی مزید کھلاڑی گرفتار کیے جا سکتے ہیں۔



