لاہور میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی فتح اور سیریز برابر، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

سالٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انگلینڈ نے پاکستان کو لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے اور اب صرف آخری اور فیصلہ کن میچ باقی ہے۔

میزبان ٹیم نے انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کپتان بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 87 رنز کی نمایاں باری کھیلی اور سب سے کم اننگز میں تین ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا ورات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا۔

اس کے جواب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی جارحانہ رہا جس میں اس نے پاور پلے میں ہی 82 رنز قائم کر لیے۔

انگلش اوپنر فِل سالٹ، جنھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، نے پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی کی۔ انھوں نے 13 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے محض 41 گیندوں پر 87 رنز بنائے۔ ان کی یہ جارحانہ بلے بازی انگلینڈ کی فتح کے لیے کلیدی ثابت ہوئی۔

بابر اعظم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ یکطرفہ بنا دیا

پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر سب کا خیال تھا کہ پچ سلو ہے اور یہاں بیٹنگ کرنا ہرگز آسان نہیں۔ بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 87 رنز جوڑے اور افتخار نے 31 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

انگلش بولرز ڈیوڈ ویلی اور سیم کرن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مگر جیسے ہی انگلینڈ کی اننگز شروع ہوئی تو صورتحال یکسر بدل گئی۔ اس کے اوپنرز فِل سالٹ اور ایلکس ہیلز نے صرف تین اوورز میں 50 رنز مکمل کر لیے اور اس کے بعد بھی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

شاداب خان کی 34 رنز دے کر دو وکٹیں بھی ناکافی ثابت ہوئیں کیونکہ بولرز کے لیے سالٹ کو روکنا ناممکن ثابت ہو رہا تھا۔

سالٹ نے میچ کا رُخ بدلا اور انگلینڈ کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ میچ کے بعد انھوں نے تسلیم کیا کہ یہ اب تک کی اب کی بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز رہی ہے۔

سالٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

’پیٹرول سستا ہونے کی خوشی میں انگلش ٹیم کی طوفانی بیٹنگ‘

سوشل میڈیا پر بھی انگلش بلے باز فِل سالٹ کے چرچے جاری ہیں اور انھیں پاکستانی بولرز کے زخموں پر ’نمک‘ چھڑکنے پر داد دی جا رہی ہے۔

انگلینڈ، پاکستان

،تصویر کا ذریعہTWITTER

صارف ذیشان قیوم نے لکھا کہ ’پیٹرول سستا ہونے کی خوشی میں انگلش ٹیم کی طوفانی بیٹنگ۔‘

خیال رہے کہ میچ کے دوران پاکستان کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان بھی سامنے آیا ہے کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 12.63 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 12.13 روپے کی کمی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہ@DrNaumanNiaz

کرکٹ مبصر اور تجزیہ کار ڈاکٹر نعمان نیاز نے بھی انگلینڈ کی دھواں دار بیٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’اس کو تباہی کہیں یا قتل عام؟ فل سالٹ اور ایلکس ہیلز نے پہلے تین اوورز میں ہی پیچ چھین لیا تھا۔ اور کھیل اس کو کہتے ہیں جب آپ 170 رنز کے تعاقب میں پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 74 رنز بنا چکے ہوں۔‘

انگلینڈ، پاکستان

،تصویر کا ذریعہTWITTER

یاور کھوکھر نامی صارف کا کہنا ہے کہ ’فل سالٹ کی بیٹنگ دیکھیں کہ کیسے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کھیلا جاتا ہے وہ اپنے ملک کے کھیل رہا ہے نہ کہ اپنے ریکارڈ کے لیے۔ ایسی جرات ہمیں آپ سے چاہیے کہ آپ اپنے لیے نہیں پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں۔

’بولر کو آپ نے پریشر میں لانا ہوتا ہے، اس نے آپ کو نہیں۔‘

میٹ رولر

،تصویر کا ذریعہTWITTER

میٹ رولر کہتے ہیں کہ ’فل سالٹ نے قذاقی سٹیڈیم میں آج انگلینڈ کے لیے اتنے رنز کیے ہیں جو انھوں نے 2022 میں لاہور قلندرز کے لیے سات میچوں میں نہیں کیے تھے۔`

ایک صارف کا یہ بھی کہنا تھا کہ سالٹ نے پاکستانی بولرز کے ’زخموں پر نمک چھڑک دیا۔`