گال ٹیسٹ: سری لنکا کی عمدہ بیٹنگ، اظہر علی ٹیم سے ڈراپ

،تصویر کا ذریعہISHARA S. KODIKARA
پاکستان اور سری لنکا کے مابین گال کے میدان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا چھ وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنا لیے ہیں۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے پہلا ٹیسٹ جتینے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی کو ڈراپ کر کے فواد عالم کو واپس ٹیم میں شامل کیا۔
95 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اظہر علی ایک عرصے سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے تھے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی جو پہلے ٹیسٹ میں زخمی ہو گئے تھے ان کی جگہ آف سپنر نعمان علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے ابتدائی بلے بازوں نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 92 رنز پر گری جب اوسادا فرنینڈو محمد نواز کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھ کیچ آوٹ ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کو دوسری کامیابی جلد ہی مل گئی جب کسال مینڈیس صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمینوں اینجلو میھیوز اور چندی مل نے مل کر ٹیم کو استحکام مہیا کیا۔
اینجلو میتھوز اور چندی مل بالترتیب 42 اور 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز نے دو وکٹیں جبکہ یاسر شاہ، نعمان علی، اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پہلے روز انتہائی عمدہ نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور بارہ اووروں میں 34 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیندوں پر دو قدرے آسان کیچ گرائے۔ دونوں موقعوں پر گیند بابر اعظم کے ہاتھ میں آئی لیکن وہ اسے تھام نہ سکے۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل جاری سریز میں پاکستان ایک میچ جیت چکا ہے۔
نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔











