پاکستان، بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز: پہلے میچ میں نواز اور شاداب کی اہم شراکت کی بدولت پاکستان کی چار وکٹوں سے فتح

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلہ دیش میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں 128 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے چار وکٹوں سے فتح حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو کامیابی کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا۔
اس کے تعاقب میں چھٹی وکٹ کے نقصان کے بعد پاکستان کی بیٹنگ مشکل میں تھی جب شاداب خان اور محمد نواز نے محض 15 گیندوں پر 36 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔
رواں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے برعکس اس میچ میں پاکستانی بیٹنگ کو ٹاپ آرڈر میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان سے زیادہ مدد نہیں مل سکی۔ فخر زمان اور خوشدل شاہ 34، 34 رنز کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے جن کے بعد شاداب خان نے دو چھکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 21 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 8 گیندوں پر 18 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
تسکین احمد نے بنگلہ دیش کو کپتان بابر اعظم اور فخر زمان کی دو اہم وکٹیں دلائی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
’حسن علی نے ثابت کیا کہ وہ ایک فائٹر ہیں‘
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد تنقید کی زد میں رہنے والے پاکستانی بولر حسن علی اس میچ کے بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار پائے۔ انھوں نے محض 22 رنز دے کر تین نمایاں وکٹیں حاصل کی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کی تعاریف کر رہے ہیں۔ صارف سویرا پاشا لکھتی ہیں کہ ’حسن علی مکمل دل و جان سے بولنگ کروا رہے ہیں۔۔۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک فائٹر ہیں جو کبھی ہار نہیں مانتا۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
تجزیہ کار مظہر ارشد نے پاکستان کی فتح پر کہا کہ ٹیم میں اواخر کے بلے باز بھی اچھی بیٹنگ جانتے ہیں اور لوئر آرڈر میں میچ ونر موجود ہیں۔ ’پاکستان کے لوئر آرڈر/ہٹرز کو مزید گیندیں ملنی چاہیے تاکہ مزید بہتر کھیل سکیں۔‘
بعض صارفین بلے باز شعیب ملک پر تنقید کرتے دکھائے دیے جو بروقت کریز میں بیٹ میں لانے کی وجہ سے رن آؤٹ ہوئے۔ ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان کے سکواڈ میں سب سے تجربہ کار شخص ہے۔‘
ادھر کچھ پاکستانی اس فتح پر میمز بھی شیئر کر رہے ہیں۔ صارف علیزہ کہتی ہیں کہ ’مجھے نواز پسند ہیں لیکن آپ کو کوئی اور نواز پسند ہے۔ ہم ایک جیسے نہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ہدف کے تعاقب میں ابتدائی جھٹکے
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم تیسرے اوور میں ہی پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی جب محمد رضوان مستفیض الرحمان کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ کپتان بابر اعظم ایک چانس ملنے کے باوجود اگلے ہی اوور میں تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد نوجوان بلے باز حیدر علی اننگز کے پانچویں اوور میں مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ حیدر علی کوئی رنز نہ بنا سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار ترین بلے باز شعیب ملک کریز پر آئے تاہم صفر کے سکور پر فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے اوور میں کیپر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ 15ویں اوور میں فخر زمان 34 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خود دل شاہ تھے جو 34 رنز بنا کر شریف الاسلام کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستانی بولرز کی نپی تلی باولنگ کے باعث بنگلہ دیش کی جانب سے بیٹنگ کے آغاز پر ہی میزبان ٹیم کے بلے باز مشکل میں نظر آئے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باولر حسن علی نے ٹیم کو ایک شاندار آغاز دیا اور بنگلہ دیش کی اننگز کے دوسرے ہی اوور میں اوپنر محمد نعیم کیچ آؤٹ ہوئے۔
محمد وسیم جونیئر نے اننگز کے تیسرے اوور اور پانچویں اوورز میں اوپنر سیف الحسن اور بلے باز نجم الحسین شانتو کو آؤٹ کر کہ بنگلہ دیش ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر کپتان محمود اللہ چھ رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے تو چار بلے باز صرف سنگل فگر سکور کے ساتھ ہی پولیس لوٹ چکے تھے۔ بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 13ویں اوور میں گری جب افیف حسین چھتیس رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔
اس وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم شاید سو رنز بھی نہ بنا پائے لیکن نورالحسن اور مہدی حسن نے لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا اور 17ویں اوور تک 35 رنز کی شراکت میں سکور بورڈ کو 96 رنز تک پہنچا دیا جب نور الحسن 28 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔
مہدی حسن نے حارث روف کے آخری اوور میں دو چھکوں کی مدد سے بنگلہ دیش کا سکور 127 پر پہنچایا تو سات وکٹس گر چکی تھیں۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین، محمد وسیم جونیئر نے دو اور محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کے بعد بنگلہ دیش پہنچی ہے اور ان کے حوصلے یقیناً بلند ہوں گے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہو سکتا ہے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جانے سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی ٹیم کے سٹار بولر شاہین آفریدی کو آج کے میچ کے لیے آرام کروایا گیا ہے۔
دوسری جانب دنیائے کرکٹ میں آج دو اہم اعلانات ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے شاندار ترین بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے تمام انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان ٹم پین نے نامناسب پیغام بھیجنے کے معاملے میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم: بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، خوش دل شاہ، محمد نواز، شاداب خان، حسن علی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر۔
بنگلہ دیشی ٹیم: محمد نائم، سیف الحسن، نجم الحسین شانتو، محمود اللہ، افیف حسین، شریف السلام ، تسکین احمد، امین السلام، مہدی حسن، اور مستفیض الرحمان











