نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان میں، ون ڈے سیریز کا سٹیٹس تبدیل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تین ایک روزہ میچز میں راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی جبکہ پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
ون ڈے سیریز کے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 17 دوسرا 19 جبکہ تیسرا 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کے پہلے تین میچز 25، 26 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ باقی دو ٹی ٹوئنٹی میچز یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا اسٹیٹس تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ تینوں میچز اب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی بجائے دو طرفہ سیریز کے میچز شمار کیے جائیں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سٹیٹس تبدیل کرنے کی وجہ کیا ہے؟
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ڈی آر ایس کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے جو کہ آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کی پلیئنگ کنڈیشنز کا ضروری حصہ ہے۔
نیوزی لینڈ کو اب دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے دوبارہ 2022 میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ لہٰذا دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ اب اُس سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفیکشین کہلائیں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
صرف ویکسینیشن والے ٹکٹ کے اہل ہوں گے
صرف ویکسینیشن کروانے والے افراد کو ٹکٹ خریدنے کی اجازت ہوگی۔ ٹکٹ خریدتے اور اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت نادرا سے مظور شدہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا لازمی ہو گا۔ اصلی شناختی کارڈ بھی اپنے ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سترہ سے اٹھارہ سال کے افراد کا کم از کم جزوی ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا لازمی ہو گا۔ چہرے کو ماسک سے ڈھانپنا لازمی ہوگا۔ اور یہ ٹکٹس ٹرانسفر نہیں کیے جا سکیں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہ بھی پڑھیے
بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے والے فرد کو اسٹیڈیم سے نکال دیا جائے گا۔ کمپلینٹری یا ہسپٹالٹی ٹکٹ کے حامل افراد پر بھی یہی شرائط لازمی ہوں گی۔










