پی ایس ایل: پشاور زلمی کی شاندار بولنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 سے ہرا دیا

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ کے ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے چھٹے سیزن کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے ہرا دیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 198 کے ہدف کے تعاقب میں 136 رنز بنا سکی۔

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے ڈیوڈ ملر اور کامران اکمل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عثمان خان نے کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور ابتدائی چھ اوور میں بغیر کسی نقصان کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 62 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری جب وہ 28 رنز بنا کر ایلن کا شکار ہوئے۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

صائم ایوب بھی جلد آؤٹ ہوئے اور جب وہ 35 رنز بنا کر محمد عرفان کی وکٹ بنے تو گلیڈی ایٹرز نے 10 ویں اوور کی پہلی گیند پر 69 رنز بنا لیے تھے۔ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور مسلسل آؤٹ ہوتے گئے، جیک ویدرلڈ نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے اعظم خان اور کیمرون ڈیلپورٹ کو صفر پر آؤٹ کر کے گلیڈی ایٹرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

گلیڈی ایٹرز کا اسکور جب 5 وکٹوں پر 85 رنز تھا تو عمید آصف نے محمد آصف کو بھی کھاتا کھولنے کی مہلت نہیں دی اور پویلین بھیج کر چھٹی وکٹ حاصل کرلی۔ کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے ہوئے 100 مکمل کر لیے لیکن دوسرے اینڈ سے ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں تھا۔

عمید آصف نے خرم شہزاد کو 123 کے سکور پر رن آؤٹ کر کے گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ گرا دی۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض باؤلنگ کرنے آئے تو 123 کے ہی سکور پر محمد حسنین اور زاہد محمود کی وکٹیں اڑا دیں۔

زاہد محمود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد نے بنا آؤٹ ہوئے 36 رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے باآسانی 61 رنز سے کامیابی حاصل کی اور ان کی جانب سے محمد عرفان نے سب سے زیادہ تین، عمید آصف اور وہاب ریاض نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی کے لیے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب نوجوان بلے باز حیدر علی پہلی ہی گیند پر محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔ عثمان شنواری نے حیدر علی کا کیچ تھاما اور پشاور زلمی کو پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ اس کے بعد شعیب ملک کی بھی وکٹ محمد نواز نے حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو میچ کے شروع میں ہی دو اہم وکٹوں سے محروم کر کے مشکلات سے دوچار کر دیا تھا تاہم ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے زلمی کو مشکلات سے نکال لیا۔

کامران اکمل نے ملر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے شراکت داری میں ٹیم کی پہلی نصف سنچری اور بعد میں سنچری مکمل کی۔ دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی.

پشاور زلمی کا سکور جب 16 ویں اوور میں 135 رنز پر پہنچا تھا تو کامران اکمل کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کر دیا جس سے پشاور زلمی کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا.

سرفراز، کوئٹہ

،تصویر کا ذریعہPSL

یہ بھی پڑھیے

جمعے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ نے صرف 10 اوورز میں ہی ہدف حاصل کر کے شائقین اور کرکٹ نقادوں کو حیران کر دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 133 رنز بنائے تھے مگر اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز شکست کھانے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور آندرے رسل کی جگہ ظاہر خان کو موقع دیا۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

جبکہ جمعرات کو لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم صرف 160 رنز بنا سکی اور یوں لاہور کو 10 رنز سے فتح ہوئی۔

کوئٹہ کے آیندرے رسل گذشتہ میچ سے ہیلمٹ پر گیند لگنے سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ نے لی تھی۔

پشاور کی ٹیم: کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، رومن پوول، شرفون ردرفورڈ، فبیان ایلن، وہاب ریاض، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران

کوئٹہ کی ٹیم: فاف ڈو پلیسس، عثمان خان، جیک ویدرالڈ، سرفراز احمد، اعظم خان، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد نواز، ظاہر خان، محمد حسنین، خرم شہزاد، زاہد محمود