پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ پہلا ٹی ٹوئنٹی: رضوان کے ناقابل تسخیر 74 رنز کی بدولت پاکستان کو چار وکٹوں سے فتح

رضوان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹی ٹوئنی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کے لیے ناقابلِ تسخیر 74 رنز بنانے والے محمد رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ جنوبی افریقہ کی بیورن ہینڈرکس تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا اور پاور پلے کے آغاز میں دونوں اچھا آغاز فراہم کرنے میں رہے۔ بابر اعظم کی اچھی فارم آج ان کا ساتھ نہ دے سکی اور وہ صرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان کریز پر آئے اور انھوں نے بھی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ تاہم اس سب کے دوران محمد رضوان دوسرے جانب بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے رہے اور انھوں نے دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی ناقابلِ تسخیر اننگز کھیلی اور بیٹ کیری کیا۔

آخری اوورز میں جب پاکستان کی یکِ بعد دیگرے دو وکٹیں گریں تو پہلے فہیم اشرف نے اچھا کھیل پیش کیا، اور پھر آخری اوور میں حسن علی کی مدد سے پاکستان نے کامیابی سے اس ہدف کا تعاقب کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے

جنوبی افریقہ کی اننگز کے دوران ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ شاید پاکستان کو 200 رنز سے زیادہ کے ہدف کا تعاقب کرنا پڑے گا تاہم پاکستانی بولرز کی آخری اوورز میں اچھی بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو محدود رکھنے میں مدد ملی۔

جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے آغاز میں پاورپلے کا خوب فائد اٹھایا اور شاہین آفریدی کے دوسرے اوور میں یانیمن ملان نے دو چھکے مار کر 16 رنز سمیٹے۔ تاہم محمد نواز کی اچھی بولنگ کے باعث یانیمن ملان ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اس سے اگلے ہی اوور میں حسن علی سلوئر بال نے ڈیبیو کرنے والے لوبے کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ تاہم اس کے بعد ایڈن مارکرم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سپنر محمد نواز کے تیسرے اوور میں دو چوکے لگائے اور یوں جنوبی افریقہ نے پاور پلے کے اختتام پر 48 رنز بنا لیے۔

کلاسن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ایڈن مارکرم نے پاور پلے کے بعد بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور 10 کا رن ریٹ برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایڈن مارکرم محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے لیکن ان کے جانے کے بعد کپتان ہینرک کلاسن اور وان بلجوئن نے جارحانہ انداز جاری رکھا اور کپتان کلاسن نے 25 گیندوں میں نصف سنچری سکور کر ڈالی۔

تاہم نصف سنچری بنانے کے بعد ہینرک کلاسن حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آج تین کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا گیا ہے جن میں لوبے، ولیمز اور مگالا شامل ہیں۔

ادھر پاکستان کی جانب سے شرجیل خان کو اس میچ کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا اور ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آغاز میں فخر زمان کو صرف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے آخر دو ون ڈے میچوں میں لگاتار دو سنچریوں کی بدولت ان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان نے اپنی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان میں کھیلی جس میں اس پاکستان کو 2-1 سے فتح حاصل ہوئی تھی۔ اس سیریز میں محمد حفیظ کو شامل نہیں کیا گیا تھا کیونکہ وہ متحدہ عرب امارات سے بروقت ٹیم ببل میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔

رؤف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

یہ محمد حفیظ کا 100واں ٹی ٹوئنٹی میچ ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کل 17 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے آٹھ جبکہ جنوبی افریقہ نے نو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کی ٹیم: محمد رضوان، بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی، عثمان قادر، حارث رؤف۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم: ایڈن مارکرم، یانیمن ملان، ہینرک کلاسن (کپتان)، پائٹ وان بلجوئن، وہان لوبے، جارج لنڈے، اینڈلے فیفلکوایا، سساندا مگالا، بیورون ہینڈرکس، لیذاڈ ولیمز، تبریز شمسی۔