کرسٹیانو رونالڈو: پرتگال کے فٹبالر کا غصے میں پھینکا ہوا آرم بینڈ 75 ہزار ڈالر میں نیلام

رونالڈو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کا آرم بینڈ سربیا میں نیلامی کے بعد 75 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔ یہ آرم بینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان اپنے بازو پر پہنتے ہیں اور یہ ان کے کپتان ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔

رونالڈو نے اپنا آرم بینڈ سربیا کے خلاف میچ میں اس وقت غصے میں زمین پر پھینکا تھا جب ریفری نے ان کا اضافی وقت میں کیا جانے والا گول ماننے سے انکار کردیا تھا۔

فٹبالر کا مسترد کیا گیا گول کافی اہم سمجھا جا رہا تھا کیونکہ اس کے بعد سربیا اور پرتگال کے درمیان یہ میچ دو، دو گول سے ڈرا ہوگیا تھا۔

پرتاگل کے رائٹ بیک نونو مینڈس نے کھیل ختم ہونے سے پندرہ سیکینڈ پہلے رونالڈو کو کراس دیا جو کہ رونالڈو نے گول میں تبدیل کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

تاہم گیند گول لائن کے اس پار ہوئی ہی تھی کہ پیچھے سے آنے والے سربین دفاعی کھلاڑی نے اسے پھسلتے ہوئے گول سے باہر پھینک دیا، ریفری نے فوراً یہ فیصلہ دیا کہ یہ گول نہیں ہے حالانکہ ایکشن ری پلے میں صاف دیکھا جاسکتا تھا کہ گیند گول لائن کراس کرچکی ہے۔

چونکہ انٹرنیشنل میچوں میں گول لائن یا وی اے آر ٹیکنولوجی کے استعمال کی اجازت نہیں ہے، اس لیے ریفری کو فیصلہ بغیر ری پلے یا جھلکیاں دیکھے دینا پڑتا ہے۔

ریفری نے نہ صرف گول نہیں دیا بلکہ رونالڈو کے بار بار اپیل کرنے اور ناراضی ظاہر کرنے پر انھیں پیلا کارڈ دکھا کر تنبیہ بھی کی۔

رونالڈو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

رونالڈو نے جذبات میں آ کر اپنا کپتانی کا آرم بینڈ اُتار کر زمین پر پھینکا اور پچ سے چلے گئے۔ وہاں مقامی آگ بھجانے والے عملے میں ایک شخص نے رونالڈو کو اپنا آرم بینڈ پھینکتے ہوئے دیکھا۔

زورج ویکیچیوچ نامی اس شخص نے یہ آرم بینڈ اٹھایا اور ایک مقامی ٹی وی چینل کو فون کر کے اسے نیلام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ انھوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ وہ ایک چھ ماہ کے بچے کے علاج کے لیے رقم کا بندوبست کرنا چاہتے تھے۔

اس بچے کو ریڑھ کی ہڈی کی بیماری ہے جو کہ دس ہزار نوزائیدہ بچوں میں سے کسی ایک کو ہوتی ہے۔ اس بیماری میں 90 فیصد بچوں کی موت ہو جاتی ہے۔

مقامی ٹی وی چینل سپورٹ کلب نے رونالڈو کے آرم بینڈ کی جانچ پڑتال کی اور ٹی وی ریپلے دیکھنے اور اس کا معائنہ کرنے کے بعد اس کی نیلامی آکشن ویب سائٹ لٹمنڈو ڈاٹ کام پر کی۔

لیکن اس نیلامی سے ملنے والے 64 ہزار یورو یعنی 75 ہزار ڈالر اس بچے کے علاج کے لیے کافی نہیں ہیں۔ علاج کے لیے تقریباً ڈھائی ملین ڈالر کی رقم درکار ہے۔

'پہلا کھلاڑی جسے گول کرنے پر ییلو کارڈ دیا گیا'

انسٹاگرام پر ایک پیغام میں رونالڈو نے لکھا کہ 'ایسے لمحات برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے جب پوری قوم کو سزا دی جا رہی ہو۔ ہم اپنے سر بلند رکھیں گے اور اگلے چیلنج کا سامنا کریں گے۔'

رونالڈو

،تصویر کا ذریعہInstagram/Ronaldo

پرتگال کے کوچ فرنینڈو سینٹوس نے کہا ہے کہ 'ریفری نے میچ کے بعد مجھ سے معذرت کی اور اب ہم آگے بڑھ چکے ہیں۔'

'یہ واضح طور پر ہمارا گول تھا مگر اب ہم اس بارے میں کچھ نہیں کر سکتے۔ فرسٹ ہاف میں میچ ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن سینکڈ ہاف میں ہماری توجہ ہٹی اور ہم سربیا کو روکنے میں ناکام ہوئے۔'

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف تبصرے دیکھنے کو ملے ہیں۔ یہ گول اگر مان لیا جاتا تو پرتگال فاتح قرار پاتا، شاید اسی لیے اس کے مسترد ہونے پر شائقین کافی ناخوش ہیں۔

ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'رونالڈو تاریخ میں وہ واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جنھیں گول کرنے پر ییلو کارڈ دکھایا گیا ہے۔'