فٹبال کے عظیم کھلاڑی میراڈونا وفات پا گئے

فٹبال کے عظیم کھلاڑی اور ارجینٹینا کے سابق کپتان ڈی ایگو میراڈونا 60 سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔

ارجنٹائن کے سابق اٹیکنگ مڈفیلڈر اور مینیجر کو بیونس آئرس میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑا تھا۔

نومبر میں ان کے دماغ کی ایک شریان کی، جس میں ایک کلاٹ تھا، کامیاب سرجری ہوئی تھی۔ شراب کی لت کی وجہ سے بھی ان کا علاج ہوا تھا۔

مزید پڑھیے

فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک میراڈونا ارجینٹینا کی اس ٹیم کے کپتان تھے جس نے 1986 میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس ورلڈ کپ میں ان کی پرفارمنس بہت اچھی رہی تھی اور انھیں انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنلز میں ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کی وجہ سے بہت شہرت ملی۔

ارجینٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں میراڈونا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے: ’آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔‘

ارجینٹینا کے صدر نے ملک میں تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے: ’آپ ہمیں دنیا کی چوٹی پر لے گئے تھے۔ آپ نے ہمیں بہت خوش کیا تھا۔ آپ ان میں سب سے عظیم تھے۔‘

’دنیا میں رہنے کے لیے شکریہ ڈی ایگو۔ ہم تمام زندگی آپ کو مس کرتے رہیں گے۔‘

انھوں نے اپنے فٹبال کے کیریئر کے دوران بارسیلونا اور نیپولی کے لیے کھیلا تھا اور اطالوی سائیڈ کے ساتھ دو سیریز اے ٹائٹل بھی جیتے تھے۔

انھوں نے چار ورلڈ کپ میں ارجینٹینا کی نمائندگی کرتے ہوئے 91 میچوں میں 34 گول کیے۔

میراڈونا نے 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، جہاں وہ فائنل میں جرمنی سے ہار گئے تھے۔ اس کے بعد 1994 میں امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی وہ بطور کپتان گئے لیکن ایفیڈرین کے ڈرگ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد انھیں مل واپس بھیج دیا گیا۔

اپنے کیریئر کے دوسرے دور میں میراڈونا کوکین کی لت سے لڑتے رہے اور 1991 میں ایک ڈرگ ٹیسٹ کے مثبت آنے کے بعد ان پر 15 ماہ کی پابندی لگا دی گئی۔

انھوں نے 1997 میں اپنی 37 ویں سالگرہ پر پروفیشنل فٹبال کو خیرباد کہا۔ اس وقت وہ ارجینٹینا کی ٹیم بوکا جونیئر کے ساتھ تھے۔

سنہ 2008 کو میراڈونا کو ارجینٹینا کی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا لیکن 2010 میں جرمنی کے ہاتھوں ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں شکست کے بعد انھوں نے یہ عہدہ بھی چھوڑ دیا۔

اس کے بعد انھوں نے متحدہ عرب امارات اور میکسیکو کی ٹیموں کا انتظام سنبھالا اور اپنی موت کے وقت ارجینٹینا کی ٹاپ کی ٹیم جمناسیا ایسگریما کے انچارج تھے۔

فٹبال کی دنیا سے خراجِ تحسین

برازیل کے عظیم کھلاڑی پیلے نے میراڈونا کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا: ’ایک دن ہم اوپر آسمان پر اکٹھے بال کو کک لگا رہے ہوں گے۔‘