آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میراڈونا کی شرارتیں انھیں سرخیوں میں رکھتی ہیں
- مصنف, فرناڈو دوآرتے
- عہدہ, بی بی سی ورلڈ سروس ماسکو
اگر میسی یہ کہیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو آپ انھیں معاف کر سکتے ہیں۔
نائیجیریا کے خلاف میچ میں لیونل میسی نے اس ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول کیا اور ان کی کپتانی میں ارجنٹینا نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، لیکن اس میچ کی خبریں اس شخص کی خبروں میں دب گئیں جن سے ساری دنیا میسی کا موازنہ کرتی ہے۔
یہ موازنہ سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ نہیں بلکہ سابق سٹار کھلاڑی میراڈونا سے تھا۔
شرارتیں
میراڈونا کی شرارتیں کبھی بھی سرخیوں سے باہر نہیں رہتیں اور شاید وہ غلط وجوہات کی بنا پر روس میں میسی سے زیادہ توجہ حاصل کیے بیٹھے ہیں۔
سینٹ پیٹرز برگ میں ارجنٹینا کی نائیجیریا کے خلاف ڈرامائی فتح کے دوران میراڈونا نے فوٹوگرافروں کو کافی مصروف رکھا۔
کک آف سے پہلے انھوں نے کچھ مداحوں کے اصرار پر ایک ایسا بینر تھاما جس میں انھیں ایک سینٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
پھر انھوں نے ارجنٹینا کے پہلا گول پر جنون کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا، مگر دوسرے ہاف میں میچ کے شور شرابے کے باوجود وہ سوئے ہوئے نظر آئے۔
جب 85 ویں منٹ میں ارجنٹینا نے دوسرا گول کر کے فتح کو تقریباً یقینی بنا دیا تو اس وقت انھوں نے جوش میں خوشی اور غصے دونوں کا اظہار کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس گول کے جشن میں میراڈونا نے اپنے دونوں ہاتھوں کی درمیانی اگلیوں کا اشارہ کر کے شائقین کا جواب دیا۔
ان کے اس اشارے پر انٹرنیٹ پر خوب بحث چھڑی اور اس کے چند لمحوں بعد کی تصاویر میں میراڈونا کو ان کی سیٹ سے اٹھا کر لے جائے جانے پر افواہوں کا بازار گرم ہو گیا کہ انھیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ سال قبل انھیں منشیات اور شراب کے مسائل کی وجہ سے متعدد بار ہسپتال لے جایا جا چکا ہے۔
خوش قسمتی سے اس مرتبہ معاملہ کافی بہتر تھا اور سٹیڈیم میں موجود طبی عملے نے ہی انھیں امداد فراہم کر دی۔
’وہ خود پر مذاق سے خوش ہوتے ہیں‘
میراڈونا کے سابق ایجنٹ جان سمتھ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب 80 اور 90 کی دہائی میں میں ان کے ساتھ تھا تو وہ زندگی سے بہت خوش تھے مگر اس وقت ان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ زیادہ سوتے نہیں اور نیند کی گولیاں لیتے ہیں، اسی لیے جب دن کے دوران وہ کوئی بھی اور چیز جیسے کہ شراب پیتے ہیں تو اس کا اثر پڑتا ہے۔‘
’وہ خود پر مذاق سے کبھی کبھی بہت محظوظ ہوتے ہیں۔ مجھے یہ سمجھ آتی ہے کہ لوگ ان پر تنقید کیوں کرتے ہیں مگر دل سے وہ بہت اچھا انسان ہے۔‘
’میں بس امید کرتا ہوں کہ کسی دن وہ بیوقوفی میں حد نہ پار کر دیں اور کچھ برا نہ ہو جائے۔‘
سرخیوں میں رہنا
روس میں فیفا ورلڈ کپ کے دوران ہی 16 جون کو بھی انھوں نے ایک نان سموکنک سٹیڈیم میں سگار جلا کر تنازع کھڑا کر دیا تھا۔
اس کے بعد انھوں نے جنوبی کوریائی مداح کو مبینہ طور پر نسل پرستانہ اشارہ کر کے ایک اور معاملہ کھڑا کر دیا۔ ایک مداح نے جب ان کی طرف آواز لگا کر ہوا میں بوسہ دیا تو انھوں نے اپنی انگلیوں سے آنکھیں پیلی کر کے اس کا جواب دیا۔
کروشیا کے خلاف ارجنٹینا کی تین، صفر سے شکست کے بعد وہ وی آئی پی ایریا میں رو پڑے اور ارجنٹینا کی فٹبال انتظامیہ سے کہا کہ نائیجیریا کے خلاف میچ سے قبل وہ کھلاڑیوں سے ملنا چاہتے ہیں۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا ان کی یہ درخواست مانی گئی تھی یا نہیں۔
میسی اور میراڈونا
میسی کو ہر وقت یاد دلایا جاتا ہے کہ میراڈونا نے سنہ 1986 میں ورلڈ کپ جیتا تھا اور وہ خود صرف 2014 کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے مگر ان دونوں کے درمیان تنازع قدرے ذاتی نوعیت کا ہے۔
سنہ 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد دونوں کے درمیان تعلق خراب ہو گیا تھا۔
اس وقت میراڈونا ارجنٹینا کے کوچ تھے اور اس ٹونامنٹ میں ارجنٹینا کو کواٹر فائنل میں جرمنی نے چار، صفر سے ہرایا تھا۔
جب میراڈونا کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا تو انھوں نے میڈیا سے کہا تھا کہ میسی نے انھیں مایوس کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ میسی کو ورلڈ کپ کا بہترین کھلاڑی قرار دینا درست نہیں تھا۔
2016 میں ایک انٹرویو میں میسی نے بتایا کہ انھوں نے سنہ 2010 سے اب تک میراڈونا سے بات نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی اپنی زندگی ہے، اور میری اپنی۔ اب چونکہ ہم ایک دوسرے سے بات نہیں کرتے تو ہمارا رشتہ تو بہت اچھا ہے۔‘