Lahore Qalandars vs Peshawar Zalmi: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح حاصل کر لی

لاہور

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں میزبان لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جنھوں نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پشاور زلمی کے حیدر علی نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

جواب میں کرس لِن اور فخر زمان کی نصف سنچریوں کی بدولت لاہور قلندرز نے یہ ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے

فخر زمان بالآخر فارم میں آ گئے

فخر زمان ایک عرصے سے فارم میں نہیں تھے اور یہ فارم تھوڑے عرصے کے لیے ہی نہیں تقریباً ایک سال سے غائب تھی۔ تاہم آج جب لاہور قلندرز کو سب سے زیادہ ضرورت تھی تو فخر زمان نے عمدہ فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنا دی۔

فخر نے اپنی اننگز میں تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور لاہور کو ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پھر جب کرس لِن ان کا ساتھ دینے آئے تو دونوں نے مل کر 96 رنز کی شراکت بنائی اور لاہور کے مڈل آرڈر سے بوجھ اتار دیا۔ اگر لاہور اس ٹورنامنٹ میں مزید منزلیں طے کرنا چاہتا ہے تو فخر زمان کو ایسے ہی اچھے آغاز دینے پڑیں گے۔

لاہور

،تصویر کا ذریعہPCB

حیدر علی کی شاندار بیٹنگ

رواں برس حیدر علی نے انڈر 19 ورلڈکپ میں انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میں عمدہ نصف سنچری کر کے داد وصول کی تھی۔ تاہم پشاور زلمی کے ساتھ اپنا پہلا سیزن کھیلتے ہوئے انھوں نے کھل کر بیٹنگ کرنا شروع کر دی ہے۔

پورے ٹورنامنٹ میں اچھی بیٹنگ کرنے کے باوجود حیدر علی اب تک نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے تھے۔ تاہم آج آغاز میں ایک کیچ ڈراپ ہونے اور خوش قسمتی کے باعث حیدر علی نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے عمدہ نصف سنچری سکور کی اور ایک وقت پر پشاور کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا۔

انھوں نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر 116 رنز کی شاندار شراکت بنائی جس کے باعث پشاور 188 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔

ایسے وقت میں جب قومی ٹیم کو بھی ایک جارحانہ بلے باز کی ضرورت ہے، حیدر علی یقیناً رواں برس کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک اہم کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔

پوائنٹس

،تصویر کا ذریعہPCB

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آج کا میچ جیتنے کے بعد لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ساتھ ہی ایسا بھی پہلی مرتبہ ہوا کہ لاہور قلندرز نے ایک ٹورنامنٹ میں چار میچ جیتے ہوں۔

اس میچ میں پشاور کی فتح یا شکست سے پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑا ہے تاہم اب اس کے پاس ایک ہی میچ بچا جس میں فتح اسے کوالیفائر راؤنڈ تک پہنچا دے گی۔

اس وقت ملتان سلطانز ٹیبل میں سرِ فہرست ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر ہیں۔

شاہین

،تصویر کا ذریعہLahore Qalandars

پہلی اننگز میں کیا ہوا؟

لاہور قلندرز کو پہلے ہی اوور میں کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب ٹام بینٹن نے شاہین شاہ آفریدی کے پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کو آسان کیچ دیا۔

اگلے ہی اوور میں سمت پٹیل نے لائم لونگسٹون کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ چوتھے ہی اوور میں انھوں نے کامران اکمل کو بھی آؤٹ کر کے پشاور کو مشکل میں ڈال دیا۔

پاور پلے کے اختتام پر پشاور زلمی کے 42 کے مجموعی سکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پاور پلے کے اگلے ہی اوور میں حیدر علی کا کیچ بین ڈنک نے دلبر حسین کی گیند پر سات رنز پر چھوڑا۔

اس کے بعد حیدر علی اور شعیب ملک نے نصف سنچری شراکت بنا کر پشاور زلمی کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا۔ 11ویں اوور کی پہلی گیند ڈیوڈ ویسا کی گیند حیدر علی کے سٹمپس سے ٹکرائی لیکن بیلز نہ گریں۔

دونوں کی 116 رنز شراکت کے باعث پشاور 187 رنز بنا سکا۔ لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین اور سمت پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔