خواتین کا ٹی 20 عالمی کپ: آسٹریلین کرکٹر مچل سٹارک نے اپنی اہلیہ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے اپنا میچ چھوڑ دیا

آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے بولر مچل سٹارک کو جنوبی افریقہ کا دورہ چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وہ اتوار کو خواتین کے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ میں اپنی اہلیہ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے جانا چاہتے تھے۔

فاسٹ بولر 30 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی جنوب افریقہ کے خلاف سنیچر کو کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ نہیں کھیلیں گے۔

آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر کا کہنا تھا ’یہ مچل کے لیے زندگی کا ایک اہم موقع تھا کہ وہ الیسا کو ورلڈ کپ کے فائنل میں دیکھیں۔‘

آسٹریلیوی خواتین کی کرکٹ ٹیم اتوار کو سڈنی میں ہونے والے فائنل میچ میں انڈیا کا سامنا کرے گی۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے 90 ہزار شائقین کے سٹیڈیم آنے کا امکان ہے۔

جسٹن لینگر کا مزید کہنا تھا ’ہم اس بارے میں کافی دنوں سے بات کر رہے تھے۔ ہم نے مچل کو تمام فارمیٹس میں قابل ذکر شمولیت دی اور اب وہ باقی سکواڈ سے چند دن پہلے گھر واپس لوٹ جائیں گے۔ ‘